حیدرآباد: تلنگانہ بی جے پی صدر رام چندر راؤ نے کہا ہے کہ ریاست بھر میں سیاسی قائدین اب کانگریس اور بی آر ایس پر سے اعتماد کھو چکے ہیں اور مرکزی حکومت کی ترقی و فلاحی اسکیموں سے متاثر ہو کر بی جے پی کی طرف متوجہ ہو رہے ہیں۔
بدھ کو آصف آباد کے دورے کے دوران خطاب کرتے ہوئے رام چندر راؤ نے کہا کہ ریاست کی ترقی کے لیے “ڈبل انجن حکومت” ہی واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی میں شامل ہونے والے تمام قائدین کا خیر مقدم کیا جائے گا، بشرطیکہ وہ پارٹی کے نظریے سے متفق ہوں۔
کالیشورم کو “اے ٹی ایم” بنا دیا گیا: رام چندر راؤ
رام چندر راؤ نے سابق وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ پر شدید الزام لگاتے ہوئے کہا کہ Kaleshwaramپراجیکٹ کو دس برسوں تک کالواکنتلا خاندان نے اے ٹی ایم کی طرح استعمال کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مالی بے قاعدگیوں کی مکمل جانچ سی بی آئی کے ذریعہ کی جائے۔
“فارم ہاؤس” معاملہ بھی منصوبہ بند سازش
انہوں نے دعویٰ کیا کہ نام نہاد فارم ہاؤس ایم ایل ایز کے لالچ کیس کی سازش بھی کے سی آر کی نگرانی میں تیار کی گئی تھی، اور سوال کیا کہ آج تک سابق وزیر اعلیٰ یا ان کے وزراء کے خلاف کوئی گرفتاری کیوں عمل میں نہیں آئی؟
حکومت کو جواب دہ بننا ہوگا
رام چندر راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے مطالبہ کیا کہ وہ کالیشورم میں مبینہ بدعنوانیوں کی مکمل سی بی آئی تحقیقات کا حکم دیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عوام اب سیاسی کرپشن سے تنگ آ چکے ہیں، اور وقت آ گیا ہے کہ ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے۔


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































