حیدرآباد: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ED) نے غیر قانونی [en]Betting Apps[/en] کی تشہیر کے معاملے میں 29 ٹالی ووڈ ستاروں کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ کارروائی پریوینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ (PMLA) کے تحت کی گئی ہے اور اس کی بنیاد حیدرآباد و سائبرآباد پولیس کی جانب سے درج کردہ ایف آئی آرز پر رکھی گئی ہے۔
نامزد افراد میں اداکار وجے دیورکونڈا، رانا دگگوبتی، منچو لکشمی، پرکاش راج، ندھی اگروال، اننیا ناگلہ اور ٹی وی اینکر سری موکھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، سوشل میڈیا انفلوئنسرز نیتو اگروال، وشنو پریا، ورشنی، سری ہنمند، وسانتی کرشنن کو بھی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
تحقیقات کی زد میں آنے والے دیگر افراد میں شبھا شیٹی، امرتا چودھری، ناینی پاوانی، نیہا پٹھان، پدما وتی، پندو، عمران خان، ہرشا سائی، بیا سنی یادو، ٹیسٹی تیجا، اور بنڈارو سپریتا کے نام بھی شامل ہیں۔
الزام ہے کہ ان تمام شخصیات نے آن لائن بیٹنگ پلیٹ فارمز کی تشہیر اور فروغ دیا، جو ہندوستانی قوانین کی خلاف ورزی کے تحت تحقیقات کی زد میں ہیں۔ ای ڈی نے مقامی پولیس کی ایف آئی آرز کا نوٹس لیتے ہوئے ایک علیحدہ مقدمہ درج کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق، تمام 29 افراد کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا جائے گا اور ان کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے۔ اس پیش رفت نے ٹالی ووڈ فلم انڈسٹری میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، کیونکہ مرکزی ایجنسیاں اب دائرۂ تحقیق کو مزید وسعت دے رہی ہیں۔





























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































