Read in English  
       
Revanth Reddy

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے Revanth Reddyنے جمعرات کو اپنے جوبلی ہلز کی رہائش گاہ پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں ریاست میں جاری شدید بارش اور سیلابی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ہر وقت ہائی الرٹ پر رہیں، فوری راحتی اقدامات کریں اور متاثرہ اضلاع میں ذاتی طور پر نگرانی یقینی بنائیں۔

اس اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا، وزراء ڈی سریدھر بابو اور سیتکّا کے علاوہ مختلف محکموں کے اعلیٰ عہدیدار شریک ہوئے۔ متاثرہ اضلاع کے کلکٹرس نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اجلاس میں حصہ لیتے ہوئے زمینی حالات سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔

ریونت ریڈی نے حکم دیا کہ نشیبی دیہات سے فوری انخلا کو یقینی بنایا جائے، راحت کیمپ قائم کئے جائیں اور عوام کو کھانے پینے کی اشیاء، پینے کا پانی اور ادویات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ زیرِ آب علاقوں میں صفائی مہم چلائی جائے تاکہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

وزیر اعلیٰ نے پولیس اور راحتی عملے کو حکم دیا کہ ندی نالوں اور پلوں کے قریب نقل و حرکت پر سختی سے پابندی لگائی جائے اور عوام کو خبردار کیا جائے کہ وہ سیلابی پانی میں داخل نہ ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی جان بچانا سب سے پہلی ترجیح ہے اور کوئی بھی خاندان بغیر سہولت کے نہ رہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے کاماریڈی ، نرمل، نظام آباد، میدک اور سدی پیٹ کے لئے ریڈ وارننگ جاری کی گئی ہے جبکہ عادل آباد، منچیریال، کومرم بھیم آصف آباد، یادادری بھونگیری، کریم نگر اور ورنگل کے لئے اورنج وارننگ دی گئی ہے۔ کاماریڈی ، میدک، عادل آباد اور نرمل کے کئی دیہات بری طرح متاثر ہوئے جہاں سڑکیں بہہ گئیں اور ندی نالے ابل پڑے۔

مقامی حکومتوں کی مدد کے لئے ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی ٹیموں کو تعینات کیا گیا ہے۔ ریونت ریڈی نے یقین دلایا کہ وہ حالات پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں اور جب تک معمولات بحال نہیں ہوتے حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد جاری رہے گی۔