حیدرآباد: [en]Sigachi Blast[/en] کو آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسدالدین اویسی نے بدھ کے روز ایک انتہائی افسوسناک واقعہ قرار دیا اور ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری تحقیقات کا حکم دے۔
اویسی نے کہا کہ سگاچی فارما فیکٹری میں پیش آئے اس دھماکے میں 36 سے زائد مزدور ہلاک ہوئے، جن میں بیشتر کا تعلق جھارکھنڈ سے بتایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر شدید تشویش ظاہر کی کہ بعض لاشیں بری طرح جھلس چکی ہیں، جن کی شناخت صرف ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی جائے واقعہ پر آمد کے بعد تحقیقات تیزی سے آگے بڑھیں گی۔
اویسی نے مزید مطالبہ کیا کہ اگر تحقیقات میں سگاچی فارما انتظامیہ کی لاپرواہی ثابت ہو، تو ان کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کی جائے، تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف مل سکے اور مستقبل میں ایسے حادثات سے بچاؤ ممکن ہو۔















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































