حیدرآباد: ہفتہ کی شام شہر کے مختلف علاقوں میں Heavy Rain کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں جس کے نتیجے میں کئی درخت اکھڑ گئے اور بجلی کی فراہمی بری طرح متاثر ہوئی۔ موسلا دھار بارش اور پانی جمع ہونے سے ٹریفک جام میں مزید اضافہ ہوگیا، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
تیز ہواؤں کے باعث متعدد مقامات پر درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور بجلی کے تار ٹوٹنے سے کئی محلوں میں برقی سپلائی منقطع ہوگئی۔ متاثرہ علاقوں میں حیات نگر، عبداللہ پور میٹ، ونستھلی پورم، ایل بی نگر، چندرائن گٹہ، بالا پور اور بی این ریڈی نگر شامل ہیں، جہاں شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات ہند نے وقارآباد، رنگا ریڈی، سنگاریڈی، نظام آباد، گدوال، ونپرتھی، نرائن پیٹ اور کمرم پیٹ اضلاع میں آئندہ دو گھنٹوں کے دوران مزید طوفانی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ حکام نے عوام کو گھروں میں رہنے اور ضرورت کے بغیر باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا۔
شام گئے ایک مرتبہ پھر شہر کے کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، جن میں ایل بی نگر، حیات نگر اور عبدل پور میٹ شامل ہیں۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی کہ آئندہ چند گھنٹوں میں خاص طور پر ایل بی نگر، اپل اور عثمانیہ یونیورسٹی کے اطراف میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































