حیدرآباد ۔ شاپور نگر، آئی ڈی اے جیڈی میٹلہ کے ایم جے گارڈنز میں منعقدہ بزنس ٹریننگ ورکشاپ میں مسلم تاجر برادری کو حلال تجارت اپنانے، باہمی اتحاد قائم رکھنے اور اسلامی اصولوں پر مبنی خود کفالت حاصل کرنے کی تلقین کی گئی۔
یہ ورکشاپ بروز ہفتہ رفاہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (تلنگانہ) کے زیر اہتمام، جمعیۃ العلماء ہند منڈل قطب اللہ پور اور وفاق العلماء تلنگانہ کے اشتراک سے منعقد ہوا۔ اس میں تاجروں، علماء، صنعتکاروں اور نوجوان کاروباری افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
ورکشاپ کا آغاز قاری حافظ علی بن عود کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔ مولانا مفتی ولی اللہ خان قاسمی (صدر – جمعیۃ العلماء میڑچل) نے دیانت داری، تقویٰ اور اسلامی اصولوں کی روشنی میں تجارت کی اہمیت پر خطاب کیا۔ استقبالیہ کلمات ریفاہ تلنگانہ کے صدر یوسف علی خان نے پیش کیے اور ورکشاپ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے مسلم بزنس کمیونٹی کی راہنمائی اور خود کفالت پر زور دیا۔
اس موقع پر جمعیۃ العلماء تلنگانہ کے ریاستی سکریٹری جناب پیر خلیق صابر نے بھی شرکت کی۔
ماہرین کی جامع رہنمائی | Halal Trade Practices
ورکشاپ میں مختلف شعبوں کے تجربہ کار ٹرینرز نے عملی تربیت دی۔ ان سیشنز میں سولر انرجی، اسلامک شیئر مارکیٹ، یونانی مصنوعات، پرفیومز، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، کھجور کی مصنوعات، بیوٹی و کاسمیٹک پروڈکٹس، اسکول ٹیکسٹ بکس پبلیکیشنز، آئس کریم، اور واٹر ٹینک جیسی بزنس کیٹیگریز شامل رہیں۔
ماہرین نے مارکیٹ کی ضروریات، سرمایہ کاری کے مواقع، اور کاروبار کے وسعت پذیر اور اخلاقی طریقوں پر مفصل رہنمائی فراہم کی۔
نمازِ ظہر اور طعام کے وقفے کے بعد دوسرا سیشن شروع ہوا۔ مہمانِ خصوصی مرزا افضل بیگ (آل انڈیا سیکریٹری، ریفاہ) نے کلیدی خطاب میں مسلم تاجر برادری سے کہا کہ وہ منظم ہو کر حلال تجارت کو اپنائیں اور اجتماعی ترقی کے راستے تلاش کریں۔
رہنمائی، تعاون، اور عملی سیشن | Halal Trade Practices
وفاق العلماء تلنگانہ کے صدر شیخ رکن الدین ندوی نے علماء و تاجروں کے باہمی تعاون پر زور دیا اور کہا کہ اسلام ایسی تجارت کو پسند کرتا ہے جو دین و دنیا دونوں کی خدمت کرے۔
مولانا امتیاز قاسمی (خازن، جمعیۃ العلماء میڑچل) کی دعا کے ساتھ ورکشاپ کا باضابطہ اختتام ہوا۔ پروگرام کی نظامت اور کنویننگ ریفاہ تلنگانہ کے جنرل سیکریٹری محمد جاوید علی نے انجام دی۔
اختتامی سیشن ایک “اوپن و پریکٹیکل بزنس سیشن” کی شکل میں ہوا، جس میں شرکاء نے ماہرین سے براہ راست سوالات کیے اور مخصوص بزنس ماڈلز پر عملی رہنمائی حاصل کی۔
منتظمین نے وعدہ کیا کہ اس طرح کے تربیتی پروگرام مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے تاکہ مسلم تاجر برادری کو حلال اصولوں پر مبنی، مضبوط، بااعتماد اور خود کفیل بنایا جا سکے۔










































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































