حیدرآباد: سینٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس نے امبیکا اسٹیل کے منیجنگ پارٹنر کو ایک بڑے GST fraudکیس میں گرفتار کرلیا۔ یہ کارروائی ریاستی جی ایس ٹی عہدیداروں کی شکایت پر عمل میں لائی گئی۔
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے اشیاء کی حقیقی ترسیل کے بغیر ای وے بل تیار کئے اور جعلی انوائسز جاری کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ان پٹ ٹیکس کریڈٹ حاصل کیا، جو جی ایس ٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
عہدیداروں کے مطابق 30 جولائی 2025 کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ تحقیقات میں یہ بھی پایا گیا کہ رجسٹریشن نمبر AP29TA7213 کی گاڑی، جسے جون 2025 میں محکمہ نے ضبط کرلیا تھا اور جو استعمال میں نہیں تھی، اس کا غلط استعمال کئی ٹیکس دہندگان نے جعلی انوائسز بنانے کے لئے کیا، جبکہ کوئی سامان منتقل نہیں ہوا۔
ایف آئی آر درج ہونے کے بعد ملزم نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا اور مقدمہ کالعدم کرنے کی درخواست دی، لیکن عدالت نے عرضی مسترد کردی۔ بعد ازاں وہ گووا فرار ہونے کی کوشش کے دوران پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔
پولیس کے مطابق اس کیس میں دیگر کئی ملزمین بھی مفرور ہیں جن کی گرفتاری کے لئے تلاشی جاری ہے۔ تحقیقات بدستور جاری ہیں۔



























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































