حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے حیدرآباد میں نقلی شراب کے برانڈ لیبل اور ایکسائز ایڈھیسیو لیبلز (HEALs) تیار کرنے والے ایک بڑے ریکٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے بھاری مقدار میں سامان ضبط کیا جو تلنگانہ، آندھرا پردیش اور کرناٹک میں تقسیم کے لئے تیار کیا جارہا تھا۔
ایکسائز کمشنر ہری کرن آئی اے ایس اور انفورسمنٹ ڈائریکٹر شاونواز خاسم آئی پی ایس کی ہدایت پر ایس ٹی ایف نے کارروائی کی، جس کی نگرانی جوائنٹ کمشنر قریشی اور اسسٹنٹ کمشنر پی. پرناوی نے کی۔ یہ چھاپہ حیدرآباد کے حضور نگر نقلی شراب کیس کی تحقیقات کا حصہ تھا۔
مصدقہ اطلاع پر منگل کی صبح ایس ٹی ایف ٹیموں نے کُشائی گوڈا کے شیوا سائی نگر کالونی میں ایک مکان پر چھاپہ مارا جہاں غیر قانونی لیبل چھاپے جارہے تھے۔ یہ یونٹ گڈمیڈی نوین گوڑ سے جڑا ہوا پایا گیا جو حضور نگر کیس میں پہلے ہی عدالتی تحویل میں ہے۔
چھاپے کے دوران پولیس نے ایک فلیکسو ملٹی کلر پرنٹنگ مشین، فلیکسو پلیٹس، کٹنگ ڈائز اور تقریباً 32,000 نقلی شراب پاؤچ ضبط کئے۔ ضبط شدہ پلیٹس میں رائل اسٹاگ، اے سی بلیک، اولڈ ایڈمرل، کیرالا مالٹڈ وہسکی اور منجیرہ بلیو جیسے بڑے برانڈز کے لیبل شامل تھے۔ اس کے علاوہ نیم تیار شدہ ایچ ای اے ایل، چپکنے والے کاغذ کے رول اور پرنٹنگ ڈائیز بھی برآمد کئے گئے۔
پولیس نے موقع پر دو افراد کو گرفتار کیا جن کی شناخت گڈمیڈی پرکاش (نوین گوڑ کا شریک کار) اور نیناوتھ راجیش (اس کا معاون) کے طور پر ہوئی۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ یہ دونوں گزشتہ 18 ماہ سے اس پرنٹنگ یونٹ کو چلا رہے تھے اور جعلی لیبل و ایچ ای اے ایل ریاستوں میں پھیلانے والے رٹالا سرینواس کو فراہم کرتے تھے، جو تین ریاستوں میں غیر قانونی شراب نیٹ ورک کا سرغنہ ہے۔
ایس ٹی ایف عہدیداروں نے بتایا کہ گرفتار شدہ دونوں افراد کو حضور نگر کے ممنوعہ و ایکسائز اسٹیشن کے حوالے کیا جائے گا اور انہیں کرائم نمبر 189/2025 میں ملزم A-10 اور A-11 کے طور پر عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ ایس ٹی ایف کے سپرنٹنڈنٹ این. انجیر ریڈی نے کہا کہ اس کارروائی سے بین ریاستی نقلی شراب سپلائی چین کو شدید دھچکا لگا ہے۔































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































