حیدرآباد: بھارت راشٹرا سمیتی کے رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر شراون داسوجو نے بدھ کے روز کانگریس زیر قیادت تلنگانہ حکومت کے Caste Surveyکو ایک “سیاسی چال” قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کی اور اسے خفیہ اور گمراہ کن مہم سے تعبیر کیا۔
ریاستی وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے نام کھلے خط میں ڈاکٹر شراون نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے 42 فیصد پسماندہ طبقات (بی سی) کوٹہ کے فیصلے کی بنیاد میں شامل رپورٹس کو عوام اور اسمبلی سے پوشیدہ رکھا ہے۔ ان رپورٹس میں ایس ای ای ای پی سی کاسٹ سروے، بوسانی وینکٹیشور راؤ کمیشن کی رپورٹ، اور جسٹس بی سدرشن ریڈی کی ماہر رائے شامل ہیں۔
شراون داسوجو نے کہا کہ حکومت نے 28 جون کو اسمبلی کے برخاست ہونے کے دن آرڈیننس جاری کرکے آرٹیکل 14، 19(1)(اے)، اور 21 کی خلاف ورزی کی ہے، جس کا مقصد ہائی کورٹ کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن سے بچنا تھا تاکہ مقامی ادارہ جاتی انتخابات میں ریزرویشن لاگو کیا جا سکے۔
انہوں نے پوچھا کہ 25 مارچ کو اسمبلی میں منظور کیے گئے بی سی ریزرویشن بلز کا کیا ہوا، جو صدر جمہوریہ کو بھیجے گئے تھے؟ شراون نے کہا کہ معتبر ذرائع کے مطابق یہ بلز واپس کر دیے گئے لیکن حکومت کی طرف سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی۔
انہوں نے میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 1.03 لاکھ بند مکانات، 1.68 لاکھ انکار، اور 84 ہزار ڈیٹا تضادات کاسٹ سروے کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہیں۔ انہوں نے ریونت ریڈی کے اس دعوے کو مسترد کیا کہ تلنگانہ کا کاسٹ سروے ملک کے لیے ماڈل بن سکتا ہے، اور کہا کہ حکومت حقائق چھپا رہی ہے تاکہ سیاسی فائدہ حاصل کیا جا سکے۔
شراون داسوجو نے راہول گاندھی کے نعرے “جتنی آبادی، اتنا حصہ” کو کھوکھلا قرار دیا جب تک اسے قانونی اور شفاف بنیاد فراہم نہ کی جائے۔ انہوں نے سات نکاتی مطالبہ پیش کیا جس میں اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلا کر تمام رپورٹس اور آرڈیننس پیش کرنا، کاسٹ سروے پر وائٹ پیپر جاری کرنا، اور بی سی ریزرویشن کو نویں جدول میں شامل کرانے کے لیے اقدام شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کا ذاتی تشہیری مہم نہیں، اگر ریونت ریڈی شفافیت نہیں دے سکتے تو انہیں مستعفی ہو جانا چاہیے۔ اس موقع پر سابق رکن اسمبلی کُرّا ستیہ ناراینا بھی موجود تھے۔































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































