حیدرآباد: تلنگانہ ڈرگز کنٹرول ایڈمنسٹریشن DCAکے عہدیداروں نے سدی پیٹ ضلع کے جگدیور منڈل کے تھماپور گاؤں میں ایک کلینک پر چھاپہ مارا جہاں غیر مستند معالج ایچ رمیش بغیر اجازت میڈیکل پریکٹس چلا رہا تھا۔
معائنے کے دوران عہدیداروں نے 32 اقسام کی ادویات ضبط کیں جن میں اینٹی بایوٹکس، اسٹیرائیڈز، درد کش ادویات اور آئی وی فلوئڈز شامل تھے جن کی مالیت تقریباً 50,000 روپئے بتائی گئی۔ حکام نے بتایا کہ یہ ادویات ڈرگز اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ 1940 کے تحت درست لائسنس کے بغیر ذخیرہ کی گئی تھیں۔
ڈی سی اے کے مطابق غیر مستند افراد کی جانب سے بے دریغ اینٹی بایوٹکس کے استعمال سے اینٹی مائیکروبائل ریزسٹنس میں تیزی آ سکتی ہے جو ایک عالمی صحت عامہ کا سنگین خطرہ ہے۔ حکام نے کلینک پر اسٹی رائیڈز کی موجودگی پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ ان کا غلط استعمال قوت مدافعت میں کمی، ہارمونی مسائل، قلبی امراض اور نفسیاتی اثرات کا باعث بن سکتا ہے۔
یہ کارروائی ڈرگ انسپکٹرز وینے سشمی (سدی پیٹ ) اور راجا ریڈی (کاما ریڈی) نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر جے راجو کی نگرانی میں انجام دی۔ ضبط شدہ ادویات کے نمونے تجزیہ کے لیے روانہ کر دیے گئے ہیں۔ ڈی سی اے نے بتایا کہ مزید تحقیقات جاری ہیں اور قصورواروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اپنے انتباہ میں ڈی سی اے نے ہول سیلرز اور ڈیلرز کو متنبہ کیا کہ وہ غیر مستند معالجین یا غیر لائسنس یافتہ دکانوں کو ادویات فراہم نہ کریں۔ خلاف ورزی کی صورت میں ڈرگز اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ کے تحت پانچ سال تک قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔
عہدیداروں نے اس بات پر زور دیا کہ ادویات فراہم کرنے سے پہلے ہر صورت میں لائسنس کی صداقت کی جانچ ضروری ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔ مزید برآں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ غیر قانونی ادویات کی فروخت، مشکوک ذخیرہ اندوزی یا غیر مجاز تیاری کی اطلاع ٹول فری ہیلپ لائن 1800-599-6969 پر دیں جو پیر سے جمعہ صبح 10:30 بجے سے شام 5:00 بجے تک فعال ہے۔



















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































