حیدرآباد: مرکزی وزیر کشن ریڈی نے کہا ہے کہ جوبلی ہلز اسمبلی حلقے کا آنے والا ضمنی انتخاب تلنگانہ کی سیاست کا رخ بدل دے گا۔ انہوں نے جمعرات کو ایرراگڈہ ڈویژن میں پارٹی کارکنوں اور بوتھ صدور سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتخاب کسی کی خواہش پر نہیں بلکہ موجودہ ایم ایل اے کے انتقال کے باعث ناگزیر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن ریاست میں فیصلہ کن تبدیلی کی شروعات بنے گا۔ کشن ریڈی نے کانگریس اور بی آر ایس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتیں ایک دہائی سے جوبلی ہلز کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہیں۔ ان کے مطابق علاقے میں ہر طرف گندگی کے ڈھیر اور ناقص نکاسیِ آب کا نظام نظر آتا ہے۔
AIMIM پر کشن ریڈی کا حملہ | Kishan Reddy on AIMIM
کشن ریڈی نے الزام لگایا کہ مجلس (AIMIM) نے کانگریس حکومت پر کنٹرول حاصل کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’تلنگانہ کے عوام کو مجلس کے تسلط میں آنے نہیں دینا چاہیے۔‘‘
ان کے بقول، مجلس کے غنڈے پرانے شہر میں کئی خاندانوں کو گھروں سے بے دخل کر رہے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بی آر ایس، کانگریس اور مجلس کئی سالوں تک ایک ساتھ حکومت کرتے رہے۔ ’’جیسے کے سی آر نے مجلس کو اپنے کندھوں پر اٹھایا، ویسے ہی آج کانگریس بھی وہی کر رہی ہے،‘‘ انہوں نے طنز کیا۔
کشن ریڈی نے کہا کہ یہ تینوں جماعتیں بی جے پی کے ابھار کو روکنے کے لیے ایک ہو گئی ہیں۔ ان کے مطابق، ’’بی آر ایس کے لیڈر بھی کانگریس کے دورِ حکومت میں وزارتوں کے مزے لوٹ رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے ان جماعتوں کو خاندانی پارٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد صرف ذاتی مفادات کا تحفظ ہے۔
کانگریس کے وعدوں پر سوال اور بی جے پی کارکنوں کو پیغام | Kishan Reddy on AIMIM
کشن ریڈی نے کانگریس پر انتخابی وعدے پورے نہ کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے پوچھا، ’’خواتین کو 2,500 روپئے ماہانہ امداد کہاں گئی؟ نوجوانوں کے 4,000 روپئے الاؤنس کا کیا ہوا؟‘‘ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک بھی نیا پنشن اسکیم جاری نہیں کیا اور پسماندہ طبقات کے لیے وعدہ کیا گیا 1 لاکھ کروڑ روپئے کا فنڈ بھی نہیں دیا گیا۔
انہوں نے بی جے پی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ 11 نومبر تک عوامی سطح پر پارٹی کو مضبوط کریں اور بی جے پی امیدوار دیپک کو کامیاب بنائیں۔ ان کے مطابق، ’’ہمیں جوبلی ہلز کو مجلس کے قبضے سے بچانا ہے۔‘‘
آخر میں کشن ریڈی نے کہا کہ وزیرِاعظم نریندر مودی نے بھارت کو عالمی سطح پر وقار دلایا ہے۔انہوں نے کہا ’’مودی عوامی فلاح اور غریبوں کے لیے مفت راشن کی فراہمی کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں‘‘۔
Live: Erragadda BJP Booth Presidents and Coordinators Meeting, BJP Borabanda Office, Jubilee Hills, Hyderabad https://t.co/Ngf6u7Aqb5
— G Kishan Reddy (@kishanreddybjp) October 16, 2025











































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































