حیدرآباد: جوبلی ہلز حلقہ اسمبلی میں متوقع ضمنی انتخاب [en]Jubilee Hills Bypoll[/en] کے پیش نظر بی آر ایس نے اپنی حکمت عملی کو تیز کر دیا ہے۔ یہ نشست تین مرتبہ کے ایم ایل اے ماگنٹی گوپی ناتھ کی حالیہ دل کا دورہ پڑنے سے موت کے بعد خالی ہوئی ہے۔
جوبلی ہلز ضمنی انتخاب میں جیت حاصل کرنے کے لیے اقلیتی ووٹ اہم کردار ادا کریں گے، کیونکہ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹروں کی مجموعی تعداد 3,94,886 ہے، جن میں سے تقریباً 1.23 لاکھ ووٹر مسلمان ہیں۔ حلقے میں مرد ووٹرز کی تعداد 2,07,932، خواتین 1,86,935 اور 19 دیگر شامل ہیں۔
گوپی ناتھ نے 2014 میں تلگو دیشم پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے مجلس کے نوین یادو کو شکست دے کر یہ سیٹ جیتی تھی۔ بعد ازاں وہ بی آر ایس میں شامل ہو گئے اور 2018 اور 2023 میں بھی کامیاب رہے۔ 2009 میں حلقے کے قیام کے بعد کانگریس کے پی جے آر کے فرزند وشنو وردھن ریڈی پہلے ایم ایل اے منتخب ہوئے تھے۔

ضمنی انتخاب کا اعلامیہ جلد جاری ہونے کی توقع ہے، اور بی آر ایس پارٹی کی اندرونی مشاورت میں اقلیتی امیدوار کو میدان میں اتارنے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے تاکہ ایرہ گڈہ، بورابنڈہ، یوسف گوڑہ، وینگل راؤ نگر، رحمت نگر اور شیخ پیٹ جیسے بستیو ں میں ووٹوں کو یکجا کیا جا سکے۔
ورنگل سے تعلق رکھنے والے ایک ایم ایل سی کی نگرانی میں کرائے گئے خفیہ داخلی سروے کے مطابق اگر آج ہی انتخابات ہوں تو بی آر ایس کا ووٹ شیئر 43 فیصد ہو سکتا ہے۔ یہ سروے چار زمینی ٹیموں کے ذریعے حلقے میں ووٹروں کے رجحانات کو جانچنے کی غرض سے کرایا گیا۔
امیدوار کے طور پر ماگنٹی سنیتا (بیوہ گوپی ناتھ )، سابق ایم ایل اے وشنو وردھن ریڈی، اور بی آر ایس کے سینئر رہنما راولا سریدھر ریڈی کے ناموں پر ابتدائی سطح پر غور ہو رہا ہے، لیکن پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ قیادت ایک بااثر اقلیتی امیدوار کے نام پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے، جو اس قریبی مقابلے میں فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔
اسی تناظر میں سابق وزیر ہریش راؤ نے بدھ کے روز تلنگانہ بھون میں اقلیتی قائدین کے ساتھ ایک بند کمرہ اجلاس منعقد کیا، جس میں جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کے لیے بی آر ایس کی حکمت عملی کو حتمی شکل دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔




























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































