حیدرآباد: [en]Fake Certificates[/en] کے استعمال اور حقائق چھپانے پر بار کونسل آف تلنگانہ نے 10 وکلاء کو اپنی رجسٹرڈ فہرست سے خارج کر دیا ہے۔ یہ کارروائی بار کونسل کی جانب سے داخلی جانچ کے بعد عمل میں لائی گئی۔
بار کونسل کے مطابق، 9 وکلاء نے اپنی تعلیمی اسناد کے طور پر جو سرٹیفیکیٹ پیش کیے تھے، وہ اُن یونیورسٹیوں سے جاری نہیں کیے گئے تھے جن کا ان وکلاء نے دعویٰ کیا تھا۔ ایک علیحدہ معاملے میں ایک وکیل نے داخلہ کے وقت ضروری اور بنیادی حقائق چھپا لیے تھے۔
ان تمام 10 افراد کو مکمل انکوائری کے دوران اپنا موقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔ سماعت مکمل ہونے کے بعد بار کونسل نے ان کے ناموں کو باضابطہ طور پر عملی وکلاء کی فہرست سے ہٹا دیا۔
بار کونسل کے عہدیداروں نے کہا کہ یہ قدم قانونی پیشہ کی ساکھ کو برقرار رکھنے اور صرف صحیح تعلیمی پس منظر رکھنے والے افراد کو پریکٹس کی اجازت دینے کے مقصد سے اُٹھایا گیا ہے۔











































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































