حیدرآباد: پروفیسر کوٹھاپلّی Jayashankarکی 90 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر بی آر ایس قائدین کے ٹی راما راؤ (کے ٹی آر) اور ایم ایل سی کویتا نے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جئے شنکر تلنگانہ تحریک کے فکری ستون اور نظریاتی روح تھے، جن کے نظریات کو نئی نسلوں تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی آر نے کہا کہ پروفیسر جئے شنکر نہ صرف علیحدہ ریاست کی تحریک کے رہنما خیال تھے بلکہ انہوں نے اپنی زندگی تلنگانہ کے مقصد کے لیے وقف کر دی تھی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ تحریک کے دوسرے مرحلے میں جئے شنکر، کے سی آر کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہے اور تحریک کی فکری سمت طے کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
کے ٹی آر نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ جئے شنکر کے نظریات آج بھی تلنگانہ کی خودداری اور مفادات کے تحفظ کے لیے رہنما اصول ہیں۔ انہوں نے تمام تلنگانہ حامیوں سے اپیل کی کہ وہ جئے شنکر کے فلسفے کو آنے والی نسلوں تک منتقل کریں۔ اپنی پوسٹ کے اختتام پر انہوں نے لکھا: “جُوہار جئے شنکر سر۔ جے تلنگانہ۔”
جئے شنکر نے تلنگانہ کو شعور بخشا: کویتا
تلنگانہ جاگرُتی کی بانی اور ایم ایل سی کویتا نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر جئے شنکر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک دور اندیش رہنما تھے جنہوں نے تلنگانہ کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو بے نقاب کیا اور عوام میں سیاسی و سماجی شعور کی شمع روشن کی۔
انہوں نے کہا کہ جئے شنکر نے ریاست کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے تلنگانہ کو استحصالی حکمرانی سے نجات دلانے کی مہم کو عوامی تحریک میں بدل دیا۔ کویتا نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کا قیام جئے شنکر کا زندگی بھر کا خواب تھا، اور ان کی رہنمائی کے بغیر کے سی آر کی قیادت ممکن نہ ہوتی۔
کویتا نے تمام ان افراد کی جانب سے جئے شنکر کو خراج پیش کیا جو تلنگانہ کی شناخت اور خودمختاری پر یقین رکھتے ہیں۔










































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































