حیدرآباد: تلنگانہ میں فون ٹیپنگ کے معاملے Phone Tapping Caseکی تحقیقات کر رہی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم نے مرکزی وزیر بنڈی سنجے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 24 جولائی کو لیک ویو گیسٹ ہاؤس میں پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔
اس کیس میں اب تک کئی سیاسی قائدین اپنے فون غیر قانونی طور پر ٹیپ کیے جانے کی شکایت درج کرا چکے ہیں، جن کے بیانات ایس آئی ٹی کی جانب سے قلمبند کیے جا رہے ہیں۔ درجنوں شکایت کنندگان کو نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں تاکہ ان کے بیانات کو سرکاری طور پر ریکارڈ میں شامل کیا جا سکے۔
بنڈی سنجے کو بھیجا گیا تازہ ترین نوٹس اس تحقیقات میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو بتدریج وسعت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ وہ مقررہ تاریخ پر پیش ہوں گے یا مزید مہلت کی درخواست دیں گے۔
































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































