حیدرآباد: آندھرا پردیش کے ضلع [en]Anakapalli[/en] میں پیر کی رات ایک المناک سڑک حادثے میں 3 افراد جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہو گئے، جب ایک تیز رفتار ٹرک نے لانکیلاپالم جنکشن کے قریب نیشنل ہائی وے پر اشارہ پر رکے ہوئے متعدد گاڑیوں کو روند ڈالا۔
پولیس کے مطابق ٹرک نے پہلے تین کاروں اور دس موٹر سائیکلوں کو ٹکر ماری، جس کے بعد ایک کنٹینر ٹرک سے جا ٹکرایا جو پینڈورتی کی سمت جا رہا تھا۔ ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ حادثے کی وجہ ٹرک کے بریک فیل ہو جانا تھا۔
تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جب کہ دیگر زخمیوں کو فوری طور پر انکاپلّی گورنمنٹ ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
تصادم کے نتیجے میں کئی گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں یا بری طرح متاثر ہوئیں۔ اچانک پیش آئے اس حادثے سے مقامی آبادی اور راہگیروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔








































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































