حیدرآباد: ہندوستانی نیشنل سینٹر برائے اوشیئن انفارمیشن سروسز (INCOIS) نے بدھ کے روز تصدیق کی کہ روس کے کمتچاتکا جزیرہ نما کے قریب آئے 8.8 شدت کے زلزلے سے ہندوستان یا بحر ہند کے دیگر حصوں کو سونامی کا کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔
یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب بحرالکاہل کے مختلف علاقوں بشمول جاپان، الاسکا، ہوائی اور امریکہ کے مغربی ساحل پر زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگز جاری کی گئیں۔ زلزلہ 30 جولائی کو صبح 04:54 بجے (23:24 UTC، 29 جولائی) مشرقی کمتچاتکا کے ساحل پر آیا، جس کے زمینی کوآرڈینیٹس 52.57° شمالی اور 160.08° مشرقی ریکارڈ کیے گئے۔
حیدرآباد میں قائم INCOIS نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ بیان میں کہا
“اس زلزلے کے تعلق سے ہندوستان کو سونامی کا کوئی خطرہ Tsunami Threat to Indiaنہیں ہے”۔
ادارہ، جو ملک کے لیے سونامی کی ابتدائی وارننگ کا نظام چلاتا ہے، نے اس زلزلے کی شدت اور محل وقوع کی مسلسل نگرانی کے بعد واضح کیا کہ ہندوستانی مین لینڈ یا جزائر پر کسی قسم کا خطرہ موجود نہیں۔
اس سے قبل 29 جولائی کو خلیج بنگال اور نکوبار جزائر میں بھی 6.3 سے 6.5 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا تھا، جس کا جائزہ لینے کے بعد INCOIS نے اعلان کیا تھا کہ اس زلزلے کے بعد بھی سونامی کا کوئی اندیشہ نہیں ہے۔




















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































