حیدرآباد: Ramanthapurکے گوكل نگر میں سری کرشن اشٹمی رتھ یاترا کے دوران پیش آئے حادثہ میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر چھ ہوگئی ہے۔ ایک اور زخمی، گنیش (21 سال)، ساکن عنبرپیٹ، سوموار کی دوپہر عثمانیہ جنرل اسپتال میں دوران علاج دم توڑ بیٹھا۔
تلنگانہ اسٹیٹ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی (TSSPDCL) کے سی ایم ڈی مشرف فاروقی نے حادثہ کے مقام کا معائنہ کیا اور بتایا کہ یہ سانحہ ٹی وی کیبل کنڈکٹر تار کے 11 کے وی پاور لائن سے ٹچ ہوجانے کے بعد پیش آیا۔ برقی رو کیبل میں منتقل ہوگئی اور پھر وہ رتھ سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں مہلک کرنٹ لگا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ معاملہ حکومت تک لے جایا جائے گا اور متوفین کے خاندان کو ایکس گریشیا دیا جائے گا۔ ساتھ ہی علاقے میں لٹکتی تاروں کو فوری ہٹانے اور نچلی سطح پر موجود بجلی کی لائنوں کو درست کرنے کے اقدامات کا اعلان کیا۔ مزید بتایا کہ گنیش چترتھی اور درگا نو راتری سے قبل شہر بھر میں برقی لائنوں کا خصوصی معائنہ کیا جائے گا۔
رامنتاپور میں احتجاج
حادثہ کے بعد رامنتاپور میں کشیدگی پھیل گئی۔ گوکل نگر کے مکینوں نے برقی محکمہ کی غفلت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے رامنتاپور –اپل روڈ پر دھرنا دیا اور ٹریفک روک دی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو 50 لاکھ روپے معاوضہ اور سرکاری ملازمت فراہم کی جائے۔ ساتھ ہی ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہا اور عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ گنیش چار زخمیوں میں سے ایک تھا، جو شدید جھلسنے کی وجہ سے علاج کے دوران چل بسا۔ اس طرح رامنتاپور کے الیکٹروکوشن حادثہ میں مرنے والوں کی سرکاری تعداد چھ ہوگئی ہے۔









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































