حیدرآباد: پروگریسیو ڈیموکریٹک اسٹوڈنٹس یونین [en]PDSU Students[/en] سے وابستہ طلبہ نے پیر کے روز وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کرتے ہوئے زیر التواء فیس بازادائیگی اور اسکالرشپ رقم کی فوری اجرائی کا مطالبہ کیا۔
طلبہ نے حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ ریاست میں انجینئرنگ کالجوں کی جانب سے ڈونیشن کے نام پر طلبہ کا استحصال جاری ہے، جس پر سخت قانونی کارروائی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ تمام کارروائیاں سرکاری قواعد کی خلاف ورزی کے باوجود جاری ہیں۔
پی ڈی ایس یو نے ریاستی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم کو ختم کرنے کی سازش کر رہی ہے، اور کسی بھی ایسی کوشش کے خلاف سخت مزاحمت کی وارننگ دی۔
احتجاجی طلبہ نے وزیر اعلیٰ اور ان کی حکومت پر طلبہ فلاحی اسکیمات کو نظرانداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ان اسکیمات کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر احتجاج کرنے والے طلبہ کو حراست میں لے لیا۔









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































