حیدرآباد: جمعرات کی صبح شہر کے کئی علاقوں میں لگاتار بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ تلنگانہ میں تیسرے دن بھی موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ ایل بی نگر، دلسکھ نگر، ملک پیٹ، چارمینار، کاروان، ٹولی چوکی، لکڑی کا پُل ، مانصاحب ٹینک، بنجارہ ہلز، جوبلی ہلز، پنجا گٹہ اور خیرت آباد میں بارش ہوئی۔ اس سے قبل رات بھر حیات نگر، ونستھلی پورم، اپل اور دیگر مشرقی مضافات میں بارش نے تباہی مچائی۔
IMD Telanganaنے نئے انتباہات جاری کیے کیونکہ ریاست میں بارش کی شدت میں اضافہ ہوا۔ بدھ کو کاماریڈی اور میدک سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں شامل رہے جہاں نالے اور دریا ابل پڑے، سڑک رابطے منقطع ہوگئے اور عام زندگی مفلوج ہوگئی۔ حکام کے مطابق ندی نالوں میں طغیانی کے باعث پانی تیزی سے بڑھ گیا۔
حیدرآباد میٹرولوجیکل سنٹر نے جمعرات کو میدک، کاماریڈی، نظام آباد اور نرمَل میں بہت زیادہ سے انتہا درجے کی بارش کی پیشگوئی کی۔ جگتیال، کومرم بھیم آصف آباد ، راجنا سرسلہ، عادل آباد، کریم نگر، پیداپلی، جیا شنکر بھوپال پلی، مُلُوگ، محبوب آباد، ورنگل، ہنمکنڈہ، جنگاؤں، سدی پیٹ، یادادری بھونگیری اور سنگاریڈی میں بھی شدید بارش کے امکانات ہیں۔
منچریال، بھدرادری کھمم، نلگنڈہ، سوریہ پیٹ، رنگاریڈی، حیدرآباد، میڑچل ملکاجگری، وکارآباد، محبوب نگر، ناگر کرنول، ونپرتی، نارائن پیٹ اور جوگلامباگدوال اضلاع میں بھی کہیں کہیں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ پیشگوئی میں گرج چمک، بجلی اور 30 تا 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوا کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے۔
جمعہ کے دن کے لیے آئی ایم ڈی نے عادل آباد، کومرم بھیم آصف آباد ، منچریال، جنگاؤں، جیا شنکر بھوپال پلی، مُلُوگ، بھدرادری کھمم، پیداپلی، محبوب آباد، ورنگل، ہنمکنڈہ، میدک اور کاماریڈی میں شدید بارش کی پیشگوئی کی۔ اس کے ساتھ ساتھ گرج چمک اور تیز ہوا چلنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا۔
حکام نے آفات سے نمٹنے والی ٹیموں کو الرٹ پر رکھا ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی بھرے مقامات میں داخل نہ ہوں۔ ونائک چوتھی تقریبات کے پیش نظر عارضی پنڈالوں اور وسرجن مقامات پر حفاظتی اقدامات کو بھی سخت کیا جا رہا ہے۔









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































