حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے جمعرات کو آندول حلقہ اسمبلی کے چوٹہکور اور جوگی پیٹ منڈلوں کا دورہ کرتے ہوئے مختلف بنیادی سہولیات اور Public Worksکا معائنہ کیا۔
چوٹہکور منڈل مرکز میں وزیر صحت نے مقامی قائدین کے ساتھ ایک ہوٹل کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے وہاں کے کچن کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کھانے کی تیاری کے طریقہ کار کو بغور دیکھا اور ہوٹل انتظامیہ کو سختی سے غذائی تحفظ کے اصولوں پر عمل کرنے کی ہدایت دی۔
بعد ازاں وزیر موصوف نے نئی عمارتوں کے لیے منتخبہ مقامات جیسے کہ کستوربا گاندھی بالیکا ودیالیہ (کے جی بی وی)، ایک پرائمری ہیلتھ سنٹر، اور پولیس اسٹیشن کا معائنہ کیا۔ سلطان پور کے جے این ٹی یو کیمپس میں انہوں نے کمپاؤنڈ وال کی تعمیر کا جائزہ لیا اور اپنے تعاون سے طلبہ کو فراہم کردہ 100 سائیکلوں میں سے ایک پر سواری کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔
دامودر راج نرسمہا نے بتایا کہ جے این ٹی یو کیمپس میں جدید آڈیٹوریم، 200 فٹ بلند ٹاور اور سائنسی لیباریٹریوں کی تعمیر جاری ہے۔ اس کے علاوہ، جوگی پیٹ میں زیر تعمیر نرسنگ کالج کا بھی معائنہ کرتے ہوئے انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کام میں کوئی تاخیر نہ کی جائے۔
اس دورے میں آر ڈی او پندو، محصولات کے افسران اور انجینئرنگ اسٹاف بھی وزیر کے ہمراہ تھے۔








































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































