حیدرآباد: وزیر زراعت تمّلا ناگیشور راؤ نے مرکز پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے تلنگانہ میں Urea Supplyسے متعلق پارلیمنٹ میں غلط معلومات پیش کیں، جس کے نتیجے میں ریاست کے کسانوں میں الجھن پیدا ہوئی ہے اور موجودہ قلت مزید سنگین ہو گئی ہے۔
وزیر موصوف کے مطابق مرکز نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں 20.20 لاکھ میٹرک ٹن یوریا دستیاب ہے، جب کہ 2025 کے خریف سیزن کے لیے اصل الاٹمنٹ صرف 9.80 لاکھ ٹن رہا۔
انہوں نے مرکزی وزیر مملکت برائے کیمیکلز و فرٹیلائزرز انوپریہ پٹیل کو تازہ مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کو نہ صرف کم مقدار الاٹ کی گئی بلکہ اب تک اس میں سے مکمل ترسیل بھی نہیں ہوئی۔ اپریل تا جولائی ریاست کو 6.60 لاکھ ٹن یوریا ملنا تھا، لیکن صرف 4.36 لاکھ ٹن ہی فراہم کیے گئے۔
تمّلا ناگیشور راؤ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یوریا کی اس کمی سے صرف تلنگانہ ہی نہیں بلکہ تمل ناڈو اور آندھرا پردیش بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے یاد دلایا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی پہلے ہی اس مسئلے کو مرکزی وزیر جے پی نڈا کے روبرو اٹھا چکے ہیں۔ مرکز سے مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگست کے مہینے کے لیے زیر التوا 2.24 لاکھ ٹن یوریا فوری روانہ کیا جائے۔
وزیر زراعت نے متنبہ کیا کہ پارلیمنٹ میں جھوٹے بیانات ریاستی منصوبہ بندی کو متاثر کرتے ہیں اور کسانوں کا اعتماد مجروح ہوتا ہے۔ مرکز کو اس مسئلے پر فوری، واضح اور دیانتدارانہ اقدام کرنا چاہیے۔








































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































