حیدرآباد: زرعی وزیر تمّلا ناگیشور راؤ نے بدھ کے روز تلنگانہ کے کانگریس ایم پیز کو مبارکباد دی کہ انہوں نے پارلیمنٹ میں یوریا کی قلت کے مسئلے کو اجاگر کیا، جس کے نتیجے میں مرکز نے 50,000 میٹرک ٹن نئی Urea Supplyکی منظوری دی۔
اپنے بیان میں وزیر نے بتایا کہ کھاد محکمہ نے یہ منظوری تلنگانہ کے ارکانِ پارلیمان کے دباؤ کے بعد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10,800 میٹرک ٹن یوریا پہلے ہی کرناٹک سے روانہ ہو چکا ہے، جس سے کسانوں کو فصل کے اہم سیزن میں فوری راحت ملے گی۔
مزید تین کھیپ اس ہفتے روانہ ہوں گی جن کی سپلائی کی ذمہ داری کورومینڈل انٹرنیشنل لمیٹڈ کو دی گئی ہے۔ وزیر نے اسے کسانوں کے لیے “اچھی خبر” قرار دیا اور کہا کہ یہ کامیابی وزیراعلیٰ اے۔ ریونت ریڈی کی قیادت میں مربوط کوششوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ سیاسی گمراہی سے بچیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں اس مسئلے کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کر رہی ہیں، جبکہ تاخیر کی اصل وجہ مرکز کی امتیازی پالیسی ہے نہ کہ ریاستی حکومت کی نااہلی۔
وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ کانگریس حکومت ہمیشہ تلنگانہ کے کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور بروقت کھاد اور زرعی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔








































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































