حیدرآباد: تلنگانہ انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (TGICCC) بنجارہ ہلز میں اسپیشل پولیس آفیسرز (ڈرائیورز) کی بھرتی کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ تلنگانہ کے سابق فوجی اور نیم فوجی اہلکاروں میں سے 30 عارضی تقررات کی جائیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق امیدوار سابق فوجی یا نیم فوجی اہلکار ہونا لازمی ہے، ترجیحاً تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے، اور انہیں رہائش کا ثبوت جیسے آدھار، ووٹر آئی ڈی یا ڈرائیونگ لائسنس پیش کرنا ہوگا۔
زیادہ سے زیادہ عمر 31 اگست 2025 تک 58 سال رکھی گئی ہے، جبکہ گزشتہ دو سال میں ریٹائر ہونے والے امیدوار 60 سال تک اہل ہوں گے۔ماہانہ اعزازیہ 26,000 روپئے مقرر کیا گیا ہے، تاہم کسی قسم کی رخصت کی سہولت نہیں ہوگی۔
امیدواروں کو ڈسچارج سرٹیفکیٹ، آدھار، پین کارڈ، درست ڈرائیونگ لائسنس (ایل ایم وی/ایچ ایم وی)، شناختی کارڈ، میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ، تین پاسپورٹ سائز تصاویر اور اگر دستیاب ہو تو ٹیکنیکل ٹریڈ پروفیشنسی سرٹیفکیٹ کی نقول جمع کرنی ہوں گی۔
درخواستیں امیدوار بذات خود تلنگانہ انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر، روڈ نمبر 12، بنجارہ ہلز کے ریسیپشن سنٹر پر 25 اگست تا 27 اگست 2025 کے درمیان جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ اور وقت 27 اگست شام 5 بجے مقرر ہے۔ عہدیداروں نے واضح کیا ہے کہ فون کال کے ذریعے کوئی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔
درخواست فارم کی سافٹ کاپی ڈائریکٹر، سائنک ویلفیئر، سوما جی گوڑہ، حیدرآباد سے حاصل کی جا سکتی ہے۔









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































