حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے سب رجسٹرار دفاتر میں عوامی خدمات کو تیز، آسان، شفاف اور بدعنوانی سے پاک بنانے کے لیے بڑی اصلاحات متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ ریاستی وزیر پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے پیر کے روز اسمبلی کو بتایا کہ یہ اقدامات وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے وژن کے مطابق نافذ کیے جا رہے ہیں۔
اسمبلی میں رکن اے وی این ریڈی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ نئی اصلاحات سے جائیداد کی رجسٹری کے لیے درختوں کے نیچے گھنٹوں انتظار کرنے کا رواج ختم ہو جائے گا۔ ان کے مطابق مربوط سب رجسٹرار دفتر نظام سے نہ صرف بدعنوانی میں کمی آئے گی بلکہ عوامی سہولت میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔
ریاست میں اس وقت 144 سب رجسٹرار دفاتر کام کر رہے ہیں، جن میں سے 94 کرائے کی عمارتوں میں جبکہ 50 سرکاری عمارتوں میں قائم ہیں۔ اسی پس منظر میں حکومت نے تمام دفاتر کے لیے مستقل عمارتیں مرحلہ وار تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مرحلہ وار مربوط دفاتر کی تعمیر | Registry Reforms
وزیر ریونیو نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں او آر آر کے اندرونی علاقوں کو شامل کیا گیا ہے۔ اس کے تحت حیدرآباد، رنگاریڈی، میڑچل اور سنگاریڈی اضلاع کے 39 سب رجسٹرار دفاتر کو 11 کلسٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان دفاتر سے ریاست کی تقریباً 69 فیصد رجسٹری آمدنی حاصل ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گچی باؤلی، تلنگانہ اکیڈمی آف لینڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ، آر ڈی او رنگاریڈی، گنڈی پیٹ، سری لنگم پلی اور راجندر نگر کے دفاتر کو ایک ہی کلسٹر میں شامل کیا گیا ہے، جس کے لیے مربوط عمارت کا سنگ بنیاد رکھا جا چکا ہے۔ بقیہ 10 مربوط عمارتوں کے سنگ بنیاد بھی اسی مہینے کے اختتام تک رکھے جائیں گے۔
نجی تعمیر، سرکاری خرچ صفر | Registry Reforms
اہم بات یہ ہے کہ یہ عمارتیں نجی بلڈرز تعمیر کریں گے اور حکومت اس پر کوئی خرچ نہیں کرے گی۔ ہر دفتر کے لیے 3 سے 4 ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے، جبکہ ابتدائی 5 برس تک عمارتوں کی دیکھ بھال بھی بلڈرز اپنے خرچ پر کریں گے۔
وزیر نے مزید بتایا کہ دوسرے مرحلے میں ضلعی ہیڈکوارٹرز اور تیسرے مرحلے میں حلقہ جاتی سطح پر اسی طرز کے دفاتر قائم کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی سلاٹ بکنگ نظام کے نفاذ سے رجسٹری کا وقت کم ہو کر 18 سے 21 منٹ رہ گیا ہے، جس سے عوامی خدمات میں واضح بہتری آئی ہے۔








































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































