Read in English  
       
Record Rainfall

حیدرآباد: تلنگانہ میں 27 اگست کو ہونے والی Record Rainfallنے کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا کردی جس سے دیہات، قصبے اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔ اچانک موسلا دھار بارش نے عام زندگی کو مفلوج کردیا، برساتی نالے اور نہریں اُبل پڑیں اور کئی بستیوں کو زیرآب کردیا۔

عہدیداروں نے تصدیق کی کہ کاماریڈی ضلع سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں غیر معمولی بارش ریکارڈ کی گئی۔ ارگونڈہ میں 41.83 سینٹی میٹر بارش ہوئی جو ضلع میں ایک روزہ سب سے زیادہ بارش کا نیا ریکارڈ ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ مانسون کے دوران ایک ہی دن میں اتنی زیادہ بارش درج کی گئی۔ ضلع کے دیگر مقامات پر بھی شدید بارش ہوئی، آئی ڈی او سی (کاماریڈی ) میں 28.65 سینٹی میٹر اور بکنور میں 27.9 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

نرمل ضلع میں اکاپور میں 32 سینٹی میٹر، وڈیال میں 27.58 سینٹی میٹر، وِشواناتھ پیٹ میں 23.38 سینٹی میٹر اور مجگی میں 22 سینٹی میٹر بارش درج کی گئی۔ میدک ضلع میں سردھانہ میں 26.33 سینٹی میٹر اور ناگاپور میں 23.65 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ کاماریڈی کے تادوائی میں 27 سینٹی میٹر اور پاتھا راجم پیٹ میں 24.1 سینٹی میٹر بارش درج کی گئی۔

مجموعی طور پر تلنگانہ کے 18 سے زائد مقامات پر غیر معمولی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے تصدیق کی کہ یہ شدت حالیہ برسوں میں سب سے زیادہ ہے۔ دیہاتیوں نے شکایت کی کہ سیلابی پانی نے راستے کاٹ دیئے اور کھیت کھلیان ڈوب گئے جس سے روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔

عہدیداروں نے بتایا کہ راحت و بچاؤ اقدامات کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ انتظامیہ نے عوام کو گھروں میں رہنے اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی اپیل کی۔ کاماریڈی ، نرمل اور میدک اضلاع میں ہائی الرٹ جاری رکھا گیا ہے کیونکہ پانی کی سطح میں اضافہ جاری ہے۔