Read in English  
       
Telangana on alert

حیدرآباد: مسلسل موسلادھار بارش کے باعث حیدرآباد کی معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہونے پر حکومتِ تلنگانہ نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ و بی سی ویلفیئر و ضلع حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر نے سینئر افسران کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت دی ہے۔

انہوں نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چوکنا رہیں اور کسی بھی پریشانی کی صورت میں مقامی حکام سے فوری رجوع کریں۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی خود صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

جی ایچ ایم سی، کلکٹر آفس، ہائیڈرا، واٹر ورکس، پولیس اور دیگر ایمرجنسی خدمات کو آپسی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

پونم پربھاکر کے مطابق شہر بھر میں 141 ایسے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں پانی جمع ہونے کا اندیشہ رہتا ہے، جن کی نگرانی جاری ہے۔ فیلڈ ٹیمیں بند نالوں کی صفائی اور پانی کے بہاؤ کو برقرار رکھنے میں مصروف ہیں تاکہ مقامی سطح پر سیلابی صورتحال سے بچا جا سکے۔

جی ایچ ایم سی، محکمہ ریونیو اور پولیس ہمہ وقت مستعد ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھبرائیں نہیں اور پانی جمع ہونے یا املاک کو نقصان کی صورت میں فوری حکام سے رابطہ کریں۔