حیدرآباد: تلنگانہ میں دن رات جاری موسلا دھار بارش نے معمولات زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ کئی اضلاع پانی میں ڈوب گئے جبکہ محکمہ موسمیات نے متعدد وارننگ جاری کی ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں اسکولوں کو تعطیل دے دی گئی اور نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
رات بھر کی Hyderabad Rainsنے شہر کو ٹھپ کر دیا۔ سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں، نالے ابل پڑے اور کئی کالونیاں زیرِ آب آگئیں۔ ٹریفک جام کے سبب شہری گھروں میں محصور ہوگئے۔ حکام نے لوگوں کو سختی سے گھروں میں رہنے کی ہدایت دی اور طویل سفر کرنے والوں کو اپنا پروگرام مؤخر کرنے کا مشورہ دیا۔ بارش مزید تین دن جاری رہنے کا امکان ہے۔
تلنگانہ میں ریڈ الرٹ
محکمہ موسمیات نے بھدرادری کتہ گوڑم، محبوب آباد اور ملُگ اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ جے شنکر بھوپال پلی میں اورینج الرٹ دیا گیا ہے جہاں شدید بارش کا امکان ہے۔ عادل آباد، ہنمکنڈہ، کاماریڈی، کھمم، کمرم بھیم آصف آباد، منچریال، میدک، نرمَل، سنگاریڈی، سوریہ پیٹ، وقارآباد اور ورنگل میں یلو الرٹ دیا گیا ہے۔ کئی اضلاع میں طوفانی ہوائیں 30 تا 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی پیش گوئی ہے۔
ریلیف اقدامات
حیدرآباد میں جی ایچ ایم سی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیموں نے ریسکیو اور ریلیف آپریشن شروع کردیا ہے۔ پانی کی نکاسی کے لئے پمپس لگائے گئے جبکہ ایمرجنسی ٹیمیں حساس مقامات پر تعینات ہیں۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































