Read in English  
       
TGCSB

حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ سائبر سکیورٹی بیورو TGCSBنے ایک نادر کامیابی حاصل کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر سائبر فراڈ کے مقدمے میں متاثرہ شخص کو رقم واپس دلائی۔ ڈائریکٹر جنرل شکھا گوئل نے بتایا کہ بیورو نے ایک چینی کرپٹو والیٹ سے 2.38 لاکھ روپئے برآمد کیے اور متاثرہ شخص کو واپس کر دیے۔ یہ تلنگانہ میں اپنی نوعیت کی پہلی بین الاقوامی وصولی ہے۔

یہ مقدمہ 12 جون کو راما گنڈم سی سی ایس میں درج کیا گیا تھا۔ متاثرہ شخص منچیریال کا ایک سافٹ ویئر پروفیشنل ہے جس نے دو برس قبل شادی کے رشتے کے لیے پروفائل بنایا تھا۔ جنوری 2025 میں اس کی ملاقات ایک خاتون نندیتا ریڈی کے نام سے ہوئی جس نے خود کو کرپٹو کرنسی کی ماہر بتایا۔ اس نے متاثرہ کو چھوٹی سرمایہ کاری کے لیے آمادہ کیا اور اعتماد جیتنے کے لیے محدود منافع نکالنے کی اجازت دی۔

بتدریج اس نے متاثرہ کو بڑی رقم لگانے پر قائل کیا۔ متاثرہ نے آخرکار 40 لاکھ روپئے جمع کرائے۔ دھوکہ بازوں نے جعلی پلیٹ فارم پر 2 کروڑ روپئے کے منافع دکھائے۔ جب متاثرہ نے رقم نکالنے کی کوشش کی تو مزید چارجز جیسے نکاسی ٹیکس، ایکسچینج فیس اور سرچارج طلب کیے گئے۔ متاثرہ نے مزید 6 لاکھ روپئے دیے اور یوں کل نقصان تقریباً 87.58 لاکھ روپئے تک پہنچ گیا۔

سائبر انویسٹی گیٹرز نے رقم کا سراغ لگایا جو چین کے جیانگ چوان شوان کے نام پر موجود ایک اکاؤنٹ میں پائی گئی، جو بین الاقوامی او کے ایکس ایکسچینج پر رجسٹر تھی۔ حکام نے نوٹس جاری کرتے ہوئے اکاؤنٹ فریز کیا اور عدالت سے اجازت حاصل کر کے کچھ رقم واپس دلائی۔ اس طرح 2.38 لاکھ روپئے متاثرہ کو ریفنڈ کر دیے گئے۔

عہدیداروں نے کہا کہ کسی غیر ملکی شہری کے کرپٹو والیٹ سے رقم کی واپسی اور ہندوستانی متاثرہ کو دلانا ایک انتہائی نایاب کامیابی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل شکھا گوئل نے تفتیشی عہدیدار کرشنا مورتی، ڈی ایس پی رنگا ریڈی اور کرپٹو تجزیہ ٹیم کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ظاہر کرتی ہے کہ بیورو بین الاقوامی سطح پر کرپٹو سے متعلق جرائم کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت حاصل کر رہا ہے۔