Read in English  
       
Suryapet

حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع Suryapetمیں ایک انوکھا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک بیل جنازے کے دوران گھر میں داخل ہوکر تقریباً دو گھنٹے تک میت کے قریب کھڑا رہا۔ یہ غیر معمولی واقعہ پلاکیڈو منڈل کے میگدم پہاڑ تانڈا میں پیش آیا جس نے مقامی لوگوں کو حیران کردیا۔

اطلاعات کے مطابق میگدم پہاڑ تانڈا کے رہنے والے روپاوت چنا نائک (54) ہفتہ کی شب نرکٹ پلی کے کامنی نی اسپتال میں علاج کے دوران انتقال کر گئے تھے۔ ان کی نعش رات گئے گھر لائی گئی۔ اتوار کی صبح مچھا تانڈا، متھم پلی منڈل سے ایک بیل اچانک ان کے مکان پہنچا اور برآمدے میں رکھی میت کے قریب آکر خاموشی سے کھڑا ہوگیا۔

بیل کی موجودگی کی وجہ سے اہل خانہ اور دیگر افراد کے لئے میت کے قریب جانا دشوار ہوگیا۔ دیہاتیوں کے مطابق بیل پرسکون انداز میں مسلسل کھڑا رہا اور بار بار ہٹانے کی کوشش کے باوجود وہاں سے نہیں ہٹا۔ آخرکار لاٹھیوں کے ذریعے اسے دور کیا گیا۔

مقامی افراد نے بتایا کہ مرحوم چنا نائک کسان تھے، جن کے پاس تین ایکڑ زمین تھی۔ وہ پُرامن زندگی گزارتے، کسی سے جھگڑا نہیں کرتے تھے، باقاعدگی سے بھگوان شیو اور رام کی پوجا کرتے اور مندروں کو جاتے تھے۔ اسی وجہ سے گاؤں میں یہ قیاس کیا جارہا ہے کہ بیل کی آمد خدائی مرضی کا اشارہ ہے۔

اس واقعہ کی تصاویر اور ویڈیوز سوشیل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں، جن پر مختلف قسم کے ردعمل اور تبصرے سامنے آرہے ہیں۔