حیدرآباد: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) کی ورکنگ صدر اور بارامتی کی رکن پارلیمان سپریا سولے نے دہلی کے جنتر منتر پر منعقد کانگریس کے زیرقیادت احتجاج میں شریک ہو کر تلنگانہ کے 42 فیصد بی سی ریزرویشن BC reservationکے مطالبے کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ ریونت ریڈی اور ڈی ایم کے ایم پی کنی موزھی کے ہمراہ خطاب کرتے ہوئے سپریا سولے نے کہا کہ انڈیا اتحاد تلنگانہ اسمبلی سے منظور شدہ ریزرویشن بل کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے مرکز پر الزام عائد کیا کہ وہ پسماندہ طبقات کے حقوق کو روک رہا ہے اور جمہوری عمل کو سبوتاژ کر رہا ہے۔
ریونت ریڈی کی جدوجہد کو امبیڈکر اور کروناندھی سے جوڑا
سپریا سولے نے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت کو سراہتے ہوئے انہیں تلنگانہ کا سب سے پرعزم لیڈر قرار دیا اور ان کے سیاسی سفر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ “پارلیمنٹ کے ایک نوجوان رکن سے چیف منسٹر تک کا سفر، عوام کے اعتماد کا مظہر ہے”۔
انہوں نے ریڈی کی جدوجہد کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اور سابق تامل ناڈو وزیراعلیٰ کروناندھی کی وراثت سے جوڑتے ہوئے کہا کہ جس طرح تاریخ نے امبیڈکر اور کروناندھی کو یاد رکھا، ویسے ہی بی سی حقوق تحریک میں ریونت ریڈی کا کردار بھی تاریخ میں محفوظ رہے گا۔
این سی پی، تلنگانہ کی جدوجہد میں شریک
سپریا سولے نے زور دیا کہ این سی پی کا ہر کارکن اور لیڈر کانگریس کے ساتھ کھڑا ہے اور بی سی ریزرویشن بل کی منظوری تک جدوجہد جاری رکھے گا۔ انہوں نے تلنگانہ کانگریس کا شکریہ ادا کیا اور اس عوامی تحریک کو آئینی انصاف کی سمت ایک مضبوط قدم قرار دیا۔








































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































