حیدرآباد: سپریم کورٹ نے منگل کے روز وکیل گٹو وامن راؤ اور ان کی اہلیہ ناگامنی کے قتل کی تحقیقات میں CBI Probeکا حکم دیا۔ یہ قتل 17 فروری 2021 کو ضلع پداپلّی کے رام گیری منڈل کے کلوچرلہ گاؤں میں پیش آیا تھا۔
یہ فیصلہ وامن راؤ کے والد گٹو کشور راؤ کی درخواست پر آیا، جنہوں نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ پولیس نے تحقیقات کو موڑ دیا اور اہم ملزم پٹّما دھوکر کا نام فردِ جرم سے خارج کر دیا، حالانکہ مقتول کے مرنے سے قبل ریکارڈ کیے گئے ویڈیو بیان میں اس کا نام واضح طور پر موجود تھا۔ انہوں نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے CBI Probe کا مطالبہ کیا تھا۔
جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس ایم کوٹیشور سنگھ پر مشتمل بینچ نے ستمبر 2022 سے جاری متعدد سماعتوں کے بعد یہ حکم جاری کیا۔ اس سے قبل مئی 2021 میں دائر فردِ جرم کی بنیاد پر تلنگانہ ہائی کورٹ نے مزید تحقیقات سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد کشور راؤ نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔
گزشتہ 13 مئی کو عدالتِ عظمیٰ نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی تھی کہ ویڈیو کا معائنہ کر کے تین ہفتوں میں حلف نامہ جمع کرائے کہ آیا پٹّما دھوکر کا نام اس میں آیا ہے یا نہیں۔ منگل کے روز ریاست کے وکیل ویبھو نے عدالت کو بتایا کہ ویڈیو کی آڈیو میں اس کا نام موجود ہے اور حکومت کو کیس سی بی آئی کے حوالے کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔
درخواست گزار کے وکیل سینئر ایڈوکیٹ مینکا گروسوامی نے عدالت کو یاد دلایا کہ مرکز کو بھی CBI Probe پر کوئی اعتراض نہیں۔ ملزمین کے وکلاء کی دلیلیں مسترد کر دی گئیں اور جسٹس سندریش نے واضح کیا کہ پہلے سے نامزد ملزمین کو دوبارہ گرفتار نہ کیا جائے، تاہم تحقیقات کے دوران نئے نامزد ملزمان کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔
وزیر دُڈڈلا سری دھر بابو نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے سابقہ حکومت پر کیس کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی نے پہلے دن سے سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ وامن راؤ کے والد کشور راؤ نے کہا کہ اس فیصلے نے ان کے خاندان کو انصاف کی امید دی ہے، اور الزام لگایا کہ کرائے کے قاتلوں نے ان کے بیٹے اور بہو کو دن دہاڑے قتل کیا جبکہ سابقہ حکومت نے مدد نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور پولیس اب تعاون کر رہے ہیں۔









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































