حیدرآباد: تلنگانہ میں شہری سیلاب اور آئندہ پینے کے پانی کی قلت سے بچاؤ کے لیے حکومت نے تمام بلدیاتی حدود میں Sponge Parks قائم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے ریاست کی تمام بلدیہ جات کو زمین کی نشاندہی کے احکامات جاری کیے ہیں تاکہ فوری عمل آوری کی جا سکے۔
یہ منصوبہ تمل ناڈو کے ماڈل پر مبنی ہے، جہاں ’اسپنج پارکس‘ برساتی پانی کو جذب کرنے، صاف کرنے، زمین میں سرایت کرانے اور ماحولیاتی توازن بحال رکھنے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔ اب تلنگانہ میں بھی ہر شہری بلدیہ میں ان پارکس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
محکمہ کے مطابق ایک اسپنج پارک کی تعمیر پر اوسطاً 1 کروڑ روپئے سے زائد لاگت آتی ہے۔ میونسپل کمشنروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ زمینی معائنہ کر کے موزوں اراضی کی فوری نشاندہی کریں۔ اس کے علاوہ کچھ افسران کو تمل ناڈو روانہ کیا گیا ہے تاکہ وہاں کی اسپنج پارکس پالیسی کا مطالعہ کریں۔
تمل ناڈو کا پہلا اسپنج پارک چینئی کے پورور علاقے میں قائم کیا گیا تھا، جب کہ بین الاقوامی سطح پر نیویارک کے گووانس کینال اور ہاسور کے ماڈلز کو بھی تلنگانہ کی منصوبہ بندی میں شامل کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ سبز انفرااسٹرکچر نہ صرف سیلاب کے اثرات کو کم کرتے ہیں بلکہ زمینی پانی کے ذخائر کو بھی بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے، اور شہری علاقوں میں قدرتی ماحول کی بحالی کی سمت ایک اہم قدم ہوں گے۔









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































