حیدرآباد: حیدرآباد سٹی پولیس کی SHE Teamsنے آنے والے گنیش فیسٹیول کے موقع پر خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لئے خصوصی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدامات پنڈالوں، وسرجن راستوں اور عوامی اجتماعات والے مقامات پر نافذ کئے جائیں گے۔
ویمن سیفٹی ونگ کی ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈاکٹر لاونیا این جے پی نے کہا کہ اس پہل کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ تہوار عقیدت کے ساتھ منایا جائے نہ کہ کسی غلط نیت کے ساتھ۔ انہوں نے کہا کہ شی ٹیمس بڑے چوراہوں، گنیش پنڈالوں اور وسرجن مقامات پر چوبیس گھنٹے ڈیوٹی پر رہیں گی۔
پولیس کے مطابق سادہ لباس اہلکار اور نگرانی کیمروں کے ذریعے ہجوم پر کڑی نظر رکھی جائے گی تاکہ چھیڑچھاڑ، تعاقب، ہراسانی اور بدسلوکی جیسے واقعات کو روکا جا سکے۔ عہدیداروں نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
شی ٹیمس نے خواتین عقیدت مندوں پر زور دیا کہ اگر انہیں کسی بھی قسم کی پریشانی یا ہراسانی کا سامنا ہو تو بلا جھجک فوراً شکایت درج کریں۔ عوام ڈائل 100 یا واٹس ایپ نمبر 9490616555 کے ذریعے بھی مدد حاصل کر سکتے ہیں۔
عوام کو آگاہ کرتے ہوئے شی ٹیمس نے کہا کہ خواتین اور بچوں کو ہمیشہ چوکس رہنا چاہئے اور کسی بھی بدسلوکی کی فوری اطلاع دینی چاہئے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بعض دھوکہ باز جعلی آن لائن پروفائلز بنا کر لوگوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں، اس لئے سوشیل میڈیا پر غیر ضروری ذاتی معلومات شیئر کرنے سے گریز کریں۔ مزید برآں شہریوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ مضبوط پاس ورڈ استعمال کریں اور ٹو فیکٹر آتھنٹیکیشن ایکٹیو کریں تاکہ آن لائن سکیورٹی بہتر بنائی جا سکے۔
ڈاکٹر لاونیا نے کہا کہ شی ٹیمس کا مقصد یہ ہے کہ ہر شہری، بالخصوص خواتین اور بچے، گنیش چتورتی کی تقریبات میں سکون اور تحفظ کے ساتھ حصہ لے سکیں۔ انہوں نے عوام سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کی اپیل کی۔




































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































