حیدرآباد: تلنگانہ کے کاماریڈی ضلع میں شدید بارش اور اچانک آنے والے سیلاب کے باعث NH-44 کا ایک حصہ بھکنور کے قریب بہہ گیا جس کی وجہ سے حیدرآباد۔ناگپور شاہراہ پر ٹریفک مکمل طور پر جام ہوگیا۔ اس واقعہ کے بعد تقریباً 12 کلومیٹر طویل ٹریفک جام جنگم پلی سے ٹکریال تک ریکارڈ کیا گیا۔
ٹریفک حکام نے بدھ کی شام ٹریفک الرٹ جاری کرتے ہوئے گاڑیوں کو متبادل راستوں پر موڑنا شروع کیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بھاری گاڑیوں اور ہلکی گاڑیوں دونوں کو ہائی وے پر بھیڑ کم کرنے کے لئے الگ الگ راستوں سے گزارا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق، حیدرآباد سے عادل آباد کی سمت جانے والی بھاری گاڑیوں کو میڈچل چیک پوسٹ سے موڑ دیا گیا۔ وہاں سے یہ گاڑیاں سدی پیٹ، کریم نگر، جگتیال، کورٹلہ، میٹ پلی اور آرمور کے راستے دوبارہ ہائی وے سے جڑتی ہیں۔ دیگر گاڑیوں کو توپران سے موڑ دیا گیا جہاں سے یہی متبادل راستہ اختیار کیا جا رہا ہے۔
کاماریڈی ، ڈچ پلی اور آرمور کے قریب این ایچ 44 کا حصہ بہہ جانے کے بعد حکام نے بروقت اقدام کرتے ہوئے بڑے حادثات سے بچاؤ کی کوشش کی۔ مختلف مقامات پر پولیس گاڑیاں تعینات کی گئیں تاکہ ٹریفک کی روانی کو کنٹرول کیا جا سکے اور ڈرائیوروں کو رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
پولیس نے مسافروں کو مشورہ دیا کہ وہ صرف متعین کردہ راستوں کا استعمال کریں اور پہلے سے اپنی سفر کی منصوبہ بندی کر لیں۔ حکام نے کہا کہ طویل فاصلہ طے کرنے والے مسافر اور بھاری گاڑیاں لازمی طور پر متبادل راستے اختیار کریں تاکہ مزید بھیڑ پیدا نہ ہو۔
حیدرآباد اور ناگپور کے درمیان سفر کرنے والی ہزاروں گاڑیاں اس رکاوٹ کے سبب تاخیر کا شکار ہوئیں۔ حکام نے خبردار کیا کہ چونکہ ریاست میں مزید بارش کی پیش گوئی ہے اس لئے متبادل راستوں پر ٹریفک کا انتظام اس وقت تک برقرار رہ سکتا ہے جب تک این ایچ 44 کی مرمت مکمل نہیں ہو جاتی۔
*Telagana Traffic Police*
Due to road network breakdown on NH-44 at Kamareddy, truckers and heavy vehicles are diverted:
Route 1: Medchal Check Post / ORR Exit 6 & 7 → Rajiv Rahadari → Siddipet → Siricilla → Korutla → Armoor (Approx. 150 KM)
Route 2: Siddipet →…
— IPRDepartment (@IPRTelangana) August 28, 2025









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































