حیدرآباد: نیشنل گرین ٹریبونل (NGT) نے تلنگانہ حکومت کو نارائن پیٹ کوڈنگل لفٹ ایریگیشن پروجیکٹ پر فوری طور پر کام روکنے کا حکم دیا ہے، جب تک کہ اس کے لئے ماحولیاتی منظوری حاصل نہ کرلی جائے۔
یہ ہدایت پیر کے روز جاری کی گئی جس کے تحت سائٹ پر تمام تعمیراتی اور عملی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ اے. ریونت ریڈی نے حال ہی میں اپنے ہی اسمبلی حلقہ میں اس پروجیکٹ کا افتتاح کیا تھا۔
ماحولیاتی خدشات پر روک
یہ پروجیکٹ نارائن پیٹ، کوڈنگل اور مکتھل کے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کو آبپاشی کی سہولت فراہم کرنے کے مقصد سے شروع کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت کنکورتی ریزروائر دو مرحلوں میں تعمیر کیا جانا ہے اور کرشنا ندی سے پانی لفٹ کے ذریعے لایا جانا ہے۔
اگرچہ ریاستی حکومت نے اسے کسانوں کے لئے ایک زندگی بخش اسکیم قرار دیا تھا، لیکن سروے کے دوران ہی اس پر احتجاج شروع ہوگیا تھا۔ کئی کسانوں نے زمین کے حصول اور ممکنہ ماحولیاتی نقصانات پر اعتراضات اٹھائے تھے۔
این جی ٹی کا یہ فیصلہ حکومت کے لئے ایک بڑا جھٹکا سمجھا جارہا ہے کیونکہ یہ پروجیکٹ براہ راست وزیراعلیٰ کے حلقے سے جڑا ہوا ہے۔








































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































