حیدرآباد: سپریم کورٹ نے ایک اہم فیصلے میں واضح کیا ہے کہ اگر کوئی انشورنس ہولڈر [en]Negligent Driving[/en] یعنی لاپرواہی یا تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے حادثے کا شکار ہو کر جاں بحق ہو جائے تو ان کے ورثاء انشورنس کلیم کے حقدار نہیں ہوں گے۔
یہ فیصلہ کرناٹک کے رہائشی رویش کے کیس میں سنایا گیا، جن کا 18 جون 2014 کو مبینہ طور پر تیز رفتاری اور لاپروائی کے باعث کار حادثے میں انتقال ہو گیا تھا۔ رویش کے اہل خانہ نے کرناٹک ہائی کورٹ سے 80 لاکھ روپئے کا انشورنس معاوضہ طلب کیا تھا۔
پولیس کی جانب سے دائر چارج شیٹ میں حادثے کی وجہ تیز رفتاری اور غیر محتاط ڈرائیونگ کو قرار دیا گیا۔ تاہم، متاثرہ خاندان نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ حادثہ ٹائر پھٹنے کے باعث پیش آیا۔ مگر عدالتی تحقیقات میں لاپرواہ ڈرائیونگ کے شواہد ملے، جس کے بعد ہائی کورٹ نے کلیم کو مسترد کر دیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جو افراد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں یا احتیاط سے گاڑی نہیں چلاتے، ان کے اہل خانہ انشورنس فوائد کے مستحق نہیں ہو سکتے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ انشورنس پالیسی کے تحت کلیم ثابت کرنے کی ذمہ داری کلیم کرنے والے پر ہوتی ہے۔
رویش کے ورثاء نے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی، لیکن جسٹس پی ایس نرسمہا اور جسٹس آر مہادیون پر مشتمل بنچ نے کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ جب موت خود ڈرائیور کی لاپرواہی سے ہوئی ہو تو انشورنس کمپنی ادائیگی کی پابند نہیں ہے۔




























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































