حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے علاقے Murad Nagarمیں ایک معمر شخص کو ان کا فلیٹ اس وقت واپس دلایا گیا جب ان کی بیٹی نے کلکٹر کے واضح احکامات کے باوجود انہیں اندر آنے سے روک دیا تھا۔ یہ واقعہ جمعرات کو آصف نگر پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا۔
مراد نگر کے رہنے والے سید احمد علی کی تین بیٹیاں ہیں اور انہوں نے اپنی جائیداد برابر حصوں میں تقسیم کردی تھی۔ تقسیم کے بعد ان کی چھوٹی بیٹی عسرٰی احمد نے مبینہ طور پر والد کی دیکھ بھال سے لاپرواہی برتی۔ اس پر احمد علی نے والدین و معمر شہری ایکٹ 2007 کے تحت کئی ماہ قبل ضلع کلکٹریٹ میں شکایت درج کروائی تھی اور ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا تھا۔
سال 2023 میں اس وقت کے کلکٹر انودیپ نے بیٹی کو والد کو پناہ دینے کا حکم دیا تھا۔ تاہم احمد علی نے بدھ کے روز موجودہ کلکٹر ہری چندن سے دوبارہ شکایت کی کہ ان کی بیٹی اب بھی انہیں گھر میں داخل ہونے نہیں دے رہی۔ اس پر ہری چندن نے مقامی تحصیلدار جیوتی کو ہدایت دی کہ فلیٹ خالی کرواتے ہوئے والد کو حوالے کیا جائے۔
جمعرات کی دوپہر تحصیلدار جیوتی احمد علی کو ساتھ لے کر مراد نگر پہنچے۔ بیٹی نے دروازہ بند کرلیا اور شدید تکرار کرتے ہوئے والد کو اندر آنے سے انکار کردیا۔ یہ تنازعہ سہ پہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہا اور بیٹی نے دروازے پر کافی ہنگامہ کیا۔
بعد ازاں تحصیلدار نے آصف نگر پولیس کو طلب کیا۔ پولیس نے تالہ توڑ کر گھر کا باضابطہ قبضہ احمد علی کو ریونیو عہدیداروں کی موجودگی میں دلایا۔ بعد میں احمد علی نے حکام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے احکامات پر عمل درآمد کیا۔




































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































