حیدرآباد: تلنگانہ سی آئی ڈی نے آندھرا پردیش کے تھپینینی رماداسپّا نائیڈو اور اُس کے بیٹے سائی کرن کو گرفتار کرلیا، جنہوں نے مبینہ طور پر مرکزی حکومت کی اسکیم کے نام پر جعلی کوآپریٹو بینک قائم Mudra Scamکرتے ہوئے 140 کروڑ روپئے کا فراڈ کیا۔
سی آئی ڈی کے مطابق، باپ بیٹے کی جوڑی نے “مدرا ایگریکلچر اسکل ڈیولپمنٹ ملٹی اسٹیٹ کوآپریٹو سوسائٹی لمیٹڈ” کے نام سے ایک جعلی ادارہ بنایا اور اسے مرکزی حکومت کے مدرا یوجنا کا حصہ ظاہر کرتے ہوئے جلد بینک کا درجہ حاصل ہونے کا دعویٰ کیا۔
انہوں نے تلگو اخبارات میں اشتہارات دے کر بے روزگار نوجوانوں اور کسانوں کو “سرکاری مارکٹنگ سپروائزر” کی ملازمت کا جھانسہ دیا۔ دعویٰ کیا گیا کہ جو لوگ اس سوسائٹی میں شامل ہوں گے، انہیں مستقل سرکاری ملازمت ملے گی۔ امیدواروں سے اصل اسناد جمع کرانے کو کہا گیا۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ دونوں ریاستوں میں 330 برانچز کھولی گئیں اور 1,600 سے زائد افراد کو ملازم رکھا گیا۔ ان سے روزانہ کی جمع رقم کی حد مقرر کی گئی اور شیئر کیپیٹل و بانڈ سرمایہ کاری کے نام پر کروڑوں روپئے وصول کیے گئے۔
متاثرین میں یومیہ مزدور، کسان اور چھوٹے تاجر شامل ہیں، جن سے زیادہ منافع کے وعدے پر رقم لی گئی۔ سی آئی ڈی سربراہ شکھا گوئل کے مطابق، ملزمان نے مدرا اسکیم اور APIIC زمین میں سرمایہ کاری کا جھانسہ دے کر مجموعی طور پر 140 کروڑ روپئے وصول کیے۔ بعد میں رقم واپس کرنے سے انکار کر دیا گیا اور ڈپازٹ مانگنے والے افراد کو دھمکایا گیا۔
رماداسپّا نائیڈو کو امراوتی سے اور سائی کرن کو حیدرآباد سے گرفتار کیا گیا۔ دونوں کو نامپلی عدالت میں پیش کر کے چنچل گوڑہ جیل بھیج دیا گیا۔ تلنگانہ بھر میں کئی ایف آئی آر درج ہیں اور سی آئی ڈی معاملے کی گہرائی سے تحقیقات کر رہی ہے۔































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































