حیدرآباد: قومی سطح کے [en]Medical College Scam[/en] میں پیٹلہ برج واقع ماڈرن گورنمنٹ میٹرنٹی اسپتال کی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر پی. راجنی ریڈی کو سی بی آئی کی ایف آئی آر میں 13ویں ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔
ایک قومی روزنامہ کی رپورٹ کے مطابق، ڈاکٹر راجنی ریڈی نیشنل میڈیکل کمیشن (این ایم سی) کی اُس انسپکشن ٹیم کا حصہ تھیں جس نے 30 جون کو چھتیس گڑھ میں واقع شری راوت پورا سرکار انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اینڈ ریسرچ کا معائنہ کیا تھا۔ اُسی روز سی بی آئی نے انسٹیٹیوٹ پر اچانک چھاپہ مار کر بڑے پیمانے پر کرپشن کا انکشاف کیا۔
چھاپے کے بعد ایف آئی آر درج کی گئی جس میں 34 افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جن میں مرکزی وزارت صحت کے افسران، این ایم سی کے عہدیدار، اور کئی نجی میڈیکل کالجوں کے نمائندے شامل ہیں۔ تلگو ریاستوں کے افراد بھی اس کیس میں شامل ہیں، جن میں فادر جوزف کمار ریڈی (فادر کولمبو انسٹیٹیوٹ، ورنگل)، انکم رام بابو (آندھرا پردیش)، اور ان کے ساتھی بی ہری پرساد شامل ہیں۔
ڈاکٹر راجنی ریڈی نے اپنی صفائی پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ انسپکشن کے دوران تین افراد کو رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، لیکن انہیں صرف گواہ کی حیثیت سے پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا تھا۔ انہوں نے چھتیس گڑھ ہائی کورٹ میں تحفظ کے لیے عرضی بھی دائر کی ہے۔
سی بی آئی کی یہ تفتیش ملک کے میڈیکل ریگولیٹری نظام کو جھنجھوڑ کر رکھ دینے والی مانی جا رہی ہے، جس میں اعلیٰ عہدیداروں اور نجی اداروں کے درمیان گٹھ جوڑ کے ذریعے معائنوں اور منظوری کے عمل میں دھاندلی کی گئی۔ یہ اسکام کئی ریاستوں تک پھیلا ہوا ہے اور اس کی تہہ تک پہنچنے کے لیے تحقیقات تیزی سے جاری ہیں۔

















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































