حیدرآباد: بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ KTRنے الزام عائد کیا کہ مرکز میں بی جے پی اور تلنگانہ میں کانگریس حکومت دونوں ملی بھگت کے ذریعے سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو سیاسی طور پر نشانہ بنا رہی ہیں۔ ان کے یہ ریمارکس اس وقت سامنے آئے جب کانگریس لیڈر اوکانتی پربھاکر راؤ اور کھمم ضلع کے 300 کارکن ان کی موجودگی میں بی آر ایس میں شامل ہوئے۔
کالیشورم پراجیکٹ کا دفاع، سی بی آئی تحقیقات کو سیاسی قرار دیا
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے KTRنے تسلیم کیا کہ 2023 کے اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کو حد سے زیادہ اعتماد نے نقصان پہنچایا اور پارٹی فلاحی و ترقیاتی کاموں کو مؤثر انداز میں اجاگر نہ کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ 2014 سے پہلے تلنگانہ زرعی پیداوار میں 14 ویں مقام پر تھا اور کسانوں کو دریائے گوداوری اور کرشنا کے پانی تک رسائی حاصل نہیں تھی۔ کے سی آر کی قیادت میں آبپاشی منصوبوں نے ان دریاؤں کے ہر قطرے کو کھیتوں تک پہنچایا اور ریاست زرعی پیداوار میں سرفہرست ہو گئی۔
کے ٹی آر نے کالیشورم لفٹ اریگیشن پراجیکٹ کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے اسے دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیگڈہ کے قریب سال بھر پانی دستیاب رہنے کے مطالعات کے بعد یہ پراجیکٹ ڈیزائن کیا گیا۔ اس کے ذریعے روزانہ 2 ٹی ایم سی فٹ پانی کونڈہ پوچما ساگر تک پہنچایا جاتا ہے، جہاں 80 میٹر سے 600 میٹر کی بلندی تک پانی اٹھایا گیا۔ اس پراجیکٹ نے زرعی، پینے اور صنعتی ضروریات کو پورا کیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کے سی آر نے گویا زمین سے آسمان تک پانی پہنچانے کا کارنامہ انجام دیا، مگر سیاسی مخالفین اب سی بی آئی تحقیقات کے ذریعے انہیں پھنسانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ کانگریس قائدین اکثر سی بی آئی اور ای ڈی کو بی جے پی کے سیاسی ہتھیار قرار دیتے ہیں، لیکن چیف منسٹر ریونت ریڈی خود ہی کیسز ان اداروں کو سونپ رہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ یہ سراسر سیاسی سازش ہے۔ تلنگانہ کی ترقی کچھ لوگوں کو برداشت نہیں ہو رہی، اسی لیے بی جے پی اور کانگریس دونوں انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
کانگریس حکومت کی کارکردگی پر تنقید
ریاستی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے راما راؤ نے کہا کہ گزشتہ 21 ماہ میں کانگریس نے صرف ڈائیلاگ دیے، کام کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے لیے قرض لینا ضروری ہے، جیسے کاروبار میں سرمایہ گردش کے لیے قرض لیا جاتا ہے۔ ریونت ریڈی کے اس بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہ تلنگانہ کی مالی حالت کینسر یا ایڈز کے مریض جیسی ہے، کے ٹی آر نے کہا کہ اس طرح کی باتیں قرض دہندگان کو خوفزدہ کر دیں گی۔ ان کے بقول، ایک مقروض شخص بھی اپنی زندگی چلاتا ہے، لیکن اگر چیف منسٹر ہی ریاست کو لاعلاج مریض قرار دیں تو پھر کون قرض دے گا؟








































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































