حیدرآباد: تلنگانہ میں جاری سیلابی صورتحال کے درمیان بھارت راشٹرا سمیتی کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ KTRنے جمعرات کے روز پارٹی قائدین کے ساتھ ٹیلی کانفرنس منعقد کی اور کانگریس حکومت پر پیشگی منصوبہ بندی اور ایمرجنسی ردعمل میں مکمل ناکامی کا الزام عائد کیا۔
اس اجلاس میں ارکان اسمبلی، قانون ساز کونسل اراکین، ارکان پارلیمنٹ، سابقہ اراکین، ضلعی صدور اور سینئر قائدین شامل ہوئے۔ کے ٹی آر نے شدید بارشوں اور سیلاب سے پیدا شدہ حالات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے راحت کاری کے اقدامات میں کوئی ہم آہنگی پیدا نہیں کی اور محکمہ موسمیات کی وارننگز کو نظرانداز کیا۔
انہوں نے یاد دلایا کہ بی آر ایس کے دورِ حکومت میں محکمہ موسمیات کی اطلاعات کی بنیاد پر این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کے ساتھ فوری رابطہ قائم رکھا جاتا تھا اور تیز رفتار اقدامات کئے جاتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے موجودہ حکومت صرف اس وقت حرکت میں آتی ہے جب ہم دباؤ ڈالتے ہیں۔
کے ٹی آر نے پارٹی قائدین سے کہا کہ بی آر ایس عوام کے ساتھ کھڑی رہنے والی جماعت ہے، لہٰذا ہر منتخب نمائندے اور کارکن کو سیلاب زدہ علاقوں میں راحت رسانی کے کام میں شامل ہونا چاہئے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ پھنسے ہوئے یا بے گھر افراد کو فوری طور پر کھانا، پینے کا پانی اور ضروری اشیاء فراہم کی جائیں۔
جن علاقوں میں پانی جمع ہونے اور زمین کھسکنے کے مسائل ہیں وہاں صفائی مہمات شروع کرنے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت پڑنے پر میڈیکل کیمپس قائم کئے جائیں اور وبائی امراض سے بچاؤ کے لئے صفائی ستھرائی کے اقدامات پر زور دیا۔
کے ٹی آر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بی آر ایس کے کارکنان اپنی تمام راحت رسانی کی سرگرمیوں کو عوامی سطح پر اجاگر کریں تاکہ حکومت کی بے عملی واضح ہو سکے۔









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































