حیدرآباد ۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے رانگا ریڈی ضلع کے سیرلنگم پلی منڈل کے کونڈاپور علاقے میں سروے نمبر 50 کی 57.09 ایکڑ قیمتی اراضی Kondapur Land Dispute کے بارے میں فیصلہ سناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ زمین حکومت کی ملکیت ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں اُن نجی فریقین کو بڑا جھٹکا لگا ہے جنہوں نے اس کروڑوں کی اراضی پر دعویٰ کرنے کی کوشش کی تھی۔
جسٹس ناگیش بھیماپاکا نے فیصلہ سناتے ہوئے ماتحت عدالت کے اُس حکم کو کالعدم قرار دیا جس میں زمین کی میوٹیشن کی ہدایت دی گئی تھی اور بعض نجی افراد کو تین تین ایکڑ کی ملکیت تسلیم کرلی گئی تھی۔
ہائی کورٹ نے کاسانی گنیشور کے خاندان اور دو دیگر نجی اداروں کی درخواستوں کو بھی مسترد کردیا۔ درخواست گزاروں نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے زیر بحث زمین کے 38 ایکڑ حصے کو خریدنے کے لیے معاہدہ کیا ہے۔
حکومت کی ملکیت کی دوبارہ توثیق
عدالت کے فیصلے نے حکومت کے حقِ ملکیت کو ایک بار پھر مضبوط کردیا ہے اور نجی فریقین کے تمام سابقہ دعوے اور معاہدے کالعدم قرار پائے ہیں۔ قانونی ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ مستقبل میں اس اراضی سے متعلق مزید تنازعات کے خاتمے کی راہ ہموار کرے گا۔






























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































