حیدرآباد: کانگریس کی تادیبی کمیٹی کے صدر اور رکن پارلیمنٹ ملو روی نے کہا ہے کہ منوگوڑ کے رکن اسمبلی کومٹی ریڈی راجگوپال ریڈی کی جانب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی پر کیے گئے تبصروں کا پارٹی ہائی کمان جائزہ لے گی۔
پیر کے روز نئی دہلی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ملو روی نے پارٹی قائدین کو متنبہ کیا کہ وہ اندرونی معاملات کو عوامی سطح پر نہ لائیں۔ انہوں نے ریونت ریڈی کے حالیہ بیانات کے پس منظر میں تمام کانگریس ذمہ داروں سے صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کی۔
ریونت ریڈی کے مبینہ دس سالہ مدت کار سے متعلق بیان پر کومٹی ریڈی راجگوپال کی تنقید کے جواب میں ملو روی نے کہا کہ ممکن ہے ریونت ریڈی کے بیان کا صحیح سیاق و سباق مکمل طور پر سمجھا نہ گیا ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس ایک منظم پارٹی ہے اور اختلافات کو پارٹی فورمز پر ہی زیر بحث لانا چاہیے، میڈیا کے ذریعے نہیں۔ ملو روی نے کہا کہ پارٹی ہائی کمان اس معاملے پر غور کرے گی اور ضرورت پڑنے پر مناسب کارروائی کی جائے گی۔








































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































