حیدرآباد: کاماریڈی ضلع میں جمعرات کے روز پولیس اور ایمرجنسی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں پھنسے ہوئے 81 افراد کو بحفاظت Flood Rescueنکال لیا۔ اس بات کی اطلاع ایس پی بی راجیش چندرا نے دی۔
اناساگر گاؤں میں ایس ڈی آر ایف اور فائر سروسز کی ٹیموں نے گھروں کو گھیرنے والے پانی سے 9 افراد کو باہر نکالا۔ اسی دوران ناروا اور اناساگر کے درمیان پانی میں پھنسے 7 افراد کو مشترکہ ٹیم نے بچالیا۔ ایس پی نے براہِ راست متاثرین سے رابطہ کرکے انہیں فوری مدد کی یقین دہانی کرائی۔
اسی طرح گنکل گاؤں میں این ڈی آر ایف یونٹ نے منجیرا دریا کے قریب پھنسے ہوئے 5 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ فائر عملے نے بھی اس بروقت کارروائی میں تعاون کیا۔
کاماریڈی ٹاؤن میں پولیس نے ہاؤزنگ بورڈ کالونی کے 60 مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا کیونکہ علاقہ سیلابی پانی میں ڈوب گیا تھا۔ ایس پی راجیش چندرا نے خود اس آپریشن میں حصہ لیتے ہوئے ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کی۔
جے آر کالونی میں بھی پانی مکانات کی نچلی منزل تک داخل ہوگیا تھا۔ مقامی افراد کی اپیل پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
اسی دوران یلاریڈی اسمبلی حلقہ کے ناگ ریڈی پیٹ میں لڑکوں کے ایک ہاسٹل میں پانی داخل ہوگیا جس سے طلبہ میں گھبراہٹ پھیل گئی۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام طلبہ کو عمارت سے بحفاظت باہر نکال لیا۔








































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































