حیدرآباد: تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (TPCC) کے صدر و قانون ساز کونسل کے رکن بی مہیش کمار گوڑ نے سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ان کے خاندان KCR Familyپر کالیشورم لفٹ ایریگیشن پراجیکٹ میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کے الزامات عائد کرتے ہوئے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (CBI) سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے الزام لگایا کہ بی آر ایس کے پہلے KCR Familyمیں تنازع دراصل ناجائز دولت کی تقسیم پر ہے۔ انہوں نے جسٹس پی سی گھوش کمیشن کی رپورٹ کا حوالہ دیا جس میں پراجیکٹ کی منصوبہ بندی اور عمل آوری میں بے قاعدگیوں کی تصدیق کی گئی ہے۔
کانگریس کا الزام: بی جے پی، بی آر ایس کو بچا رہی ہے
مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ اور سابق وزیر ہریش راؤ دونوں کو پراجیکٹ کی ناکامی اور مالی بے ضابطگیوں کا ذمہ دار پایا گیا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بی جے پی نے کبھی کالیشورم پراجیکٹ کو “کے سی آر کا اے ٹی ایم” کہا تھا، مگر اب یہی جماعت بی آر ایس قیادت کو تحفظ فراہم کر رہی ہے اور تحقیقات کی رفتار کو جان بوجھ کر سست کیا جارہا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ سی بی آئی تحقیقات میں تاخیر بی جے پی اور بی آر ایس کے درمیان خفیہ مفاہمت کو بے نقاب کرے گی۔
ریاستی حکومت نے کمیشن کی رپورٹ کی بنیاد پر معاملہ باضابطہ طور پر سی بی آئی کے حوالے کردیا ہے۔ کانگریس قائدین نے واضح کیا ہے کہ وہ احتساب اور قانونی کارروائی کے لیے دباؤ جاری رکھیں گے۔








































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































