حیدرآباد: انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورازم کارپوریشن IRCTCنے دسہرہ اور دیوالی کے موقع پر ٹرین سفر کے لیے 20 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ سہولت صرف ریٹرن ٹکٹ بک کرنے والے مسافروں کو دستیاب ہوگی۔ رعایتی اسکیم کے تحت اگر مسافر اپنا پہلا سفر 13 اکتوبر سے 26 اکتوبر 2025 کے درمیان اور واپسی کا سفر 17 نومبر سے یکم دسمبر 2025 کے درمیان بُک کریں تو انہیں رعایت ملے گی۔
عام طور پر متوسط طبقہ تہواروں کے دوران ٹرین کو ترجیح دیتا ہے کیونکہ بس کرایوں میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔ اس اسکیم سے توقع ہے کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے دیہی علاقوں کا رُخ کرنے والے لاکھوں مسافر مستفید ہوں گے۔
حکومت نے حال ہی میں ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ پر قابو پانے کے لیے تتکال بُکنگ کے نئے اصول نافذ کیے ہیں۔ اب آئی آر سی ٹی سی کی ویب سائٹ اور ایپ پر تتکال ٹکٹ بک کرنے کے لیے آدھار کی بنیاد پر توثیق ضروری ہوگی۔ مسافروں کو اپنی آدھار سے منسلک موبائل نمبر پر بھیجے گئے او ٹی پی سے بُکنگ کی توثیق کرنی ہوگی۔ اس کے علاوہ مجاز ایجنٹس کو تتکال بُکنگ تک رسائی صرف پہلے 30 منٹ کے بعد ہی دی جائے گی، یعنی اے سی کلاس کے لیے صبح 10:30 بجے کے بعد اور نان اے سی کلاس کے لیے 11:30 بجے کے بعد۔
اسی دوران ساوتھ سنٹرل ریلوے نے تہواروں کے رش کو سنبھالنے کے لیے 48 خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ ان خدمات میں کاکی ناڈا –لنگم پلی اور کاکی ناڈا –چرلاپلی کے روٹس شامل ہیں جو ہفتے میں تین دن چلیں گی۔ کاکی ناڈا ٹاؤن–چرلاپلی (07447) ٹرین 5 جولائی 2025 سے 28 مارچ 2026 تک، جبکہ اس کی واپسی سروس (07448) 6 جولائی 2025 سے 29 مارچ 2026 تک دستیاب ہوگی۔ اسی طرح کاکی ناڈا ٹاؤن–لنگم پلی (07445) 2 جولائی 2025 سے 30 مارچ 2026 تک اور لنگم پلی–کاکی ناڈا ٹاؤن (07446) 3 جولائی 2025 سے 31 مارچ 2026 تک چلے گی۔
خصوصی ٹرینوں میں فرسٹ اے سی، سیکنڈ اے سی، تھرڈ اے سی، تھرڈ اے سی اکانومی، سلیپر اور جنرل سیکنڈ کلاس کوچ شامل ہوں گے۔ حکام کے مطابق حیدرآباد سے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے دیہاتوں کا رخ کرنے والے مسافروں کو ان خصوصی خدمات سے بڑا فائدہ پہنچے گا۔




































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































