حیدرآباد: سائبر کرائم پولیس، حیدرآباد کے ڈیٹیکٹیو ڈیپارٹمنٹ نے Investment Scam میں ایک شہری کو 44,04,753 روپئے کا دھوکہ دینے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار شدگان نے خود کو “اویشتا اسٹڈی گروپ-W” کے تجارتی مشیر بتاتے ہوئے متاثرہ شخص کو اونچے منافع کا جھانسہ دیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت درج ذیل ہے:
- ملند منوہر نارکر (34)، ممبئی کے نجی ملازم
- رناک جگدیش پٹیل (31)، بھیونڈی کے تاجر
- سلیک امتیاز احمد صدیقی (25)، سنتوش نگر، ممبئی کا رہائشی
- ان تینوں نے متاثرہ شہری کو فرضی منافع دکھا کر سرمایہ کاری پر آمادہ کیا اور پھر مبینہ منافع پر 20 فیصد سروس چارج کے نام پر مزید رقم طلب کی۔ تاہم، پوری 44 لاکھ روپئے کی رقم ہڑپ لی گئی۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملند نارکر نے دھوکہ دہی کی رقم کو کرپٹو کرنسی میں تبدیل کرانے کا کام سنبھالا تھا۔ وہ ممبئی میں اکاؤنٹ ہولڈرز کے لیے رہائش کا بندوبست کرنے کے علاوہ ملک کی سات ریاستوں میں کرپٹو ایکسچینج سے لین دین میں ملوث رہا۔ ملزمان نے دبئی میں مقیم ایک سائبر فراڈ کرنے والے کے لیے کمیشن پر اکاؤنٹس کا انتظام سنبھالا ہوا تھا۔
اس کیس کی تفتیش انسپکٹر بی سرینواس کی قیادت میں ہوئی، جبکہ سب انسپکٹر بی پرنیتا اور پولیس کانسٹیبلز بی روی شنکر، این بھاسکر، جی وینکٹیش، کے ساگر، این ونے کمار، پی پرنیتا، اور اے پوانی نے معاونت کی۔ تفتیش کی نگرانی اے سی پی شیوا ماروتھی اور اے سی پی وی جے پال ریڈی نے کی۔




































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































