Read in English  
       
تلنگانہ میں نئی گاڑیوں پر اضافی ٹیکس | Telangana Vehicle Cess

حیدرآباد: ایک 19 سالہ نوجوان نے Online Bettingکھیلنے میں 2.5 لاکھ روپئے گنوانے کے بعد اپنے والد کو قتل کردیا۔ پولیس نے ملزم رویندر کو منگل کے روز حراست میں لے لیا۔ مقتول 37 سالہ ہنومنتھو یومیہ مزدور تھے جو مزدوری کر کے اپنے گھر کا خرچ چلاتے تھے۔

یہ خاندان ضلع واناپرتھی کے گھانپور منڈل کے کوثلاکنٹا تانڈہ سے تعلق رکھتا تھا لیکن روزگار کے لئے گچی باؤلی کے این ٹی آر نگر منتقل ہوگیا تھا۔ ہنومنتھو اپنی بیوی اور دو بیٹوں کا سہارا تھے۔ رویندر نے انٹرمیڈیٹ کی تعلیم مکمل کرلی تھی مگر بے روزگار رہتے ہوئے آن لائن جوا کھیلنے کا عادی بن گیا۔ وہ اکثر قرض لے کر اپنی لت پوری کرتا تھا۔

چھوٹے بیٹے سنتوش کی تعلیم کے لئے ہنومنتھو نے آبائی گاؤں میں اپنی زمین رہن رکھ کر 6 لاکھ روپئے کا انتظام کیا۔ اسی میں سے 2.5 لاکھ روپئے رویندر نے اپنے کھاتے میں جمع کروانے کے لئے والد کو راضی کیا، یہ کہہ کر کہ رقم محفوظ رہے گی۔ تاہم اس نے ساری رقم Online Betting میں ہار دی۔

جب ہنومنتھو بار بار اپنے بیٹے سے رقم واپس مانگنے لگے تو رویندر بہانے بنانے لگا۔ اس بات پر دونوں کے درمیان جھگڑے بڑھ گئے اور رویندر کے دل میں والد کے خلاف کینہ بیٹھ گیا۔ منگل کی دوپہر بھی دونوں میں تکرار ہوئی۔ رویندر نے والد کو یہ کہہ کر این ٹی آر نگر کے قریب ایک سنسان مقام پر بلایا کہ اس کا دوست قرض کی رقم لوٹانے والا ہے۔

اس نے والد کی آنکھوں پر پٹی باندھ دی کہ جیسے کوئی سرپرائز دینے والا ہے، پھر ساتھ لایا ہوا چاقو نکال کر ان کا گلا کاٹ دیا۔ ہنومنتھو موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع واردات پر پہنچ گئی اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔ اس واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔