حیدرآباد ۔ ہفتہ کی رات سے اتوار کی صبح تک تلنگانہ کے کئی اضلاع میں وقفہ وقفہ سے بارش ہوئی۔ شہر کے امیرپیٹ، پنجہ گٹہ، فلم نگر، خیریت آباد، جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز، یوسف گوڑہ، کوٹھی، ملک پیٹ، سلطان بازار، عابڈس، نامپلی، بشیر باغ، لکڑی کا پل، لبرٹی، حمایت نگر، نارائن گوڑہ، لوئر ٹینک بنڈ، نیکلس روڈ، قطب اللہ پور، چنتل، سائی نگر، ملکاجگری، مشیرآباد اور سکندرآباد کے ویسٹ ماریڈ پلی میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی جس سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔ ٹریفک کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی۔
بارش کا سب سے زیادہ زور ملگ ضلع کے ایٹوروناگارم میں رہا جہاں 11 سنٹی میٹر بارش ہوئی۔ لنگال (کھمم) میں 10 سنٹی میٹر، مگڈم پلی (سنگاریڈی) میں 9.8 سنٹی میٹر، پلی گوڑم (کھمم) میں 8.98 سنٹی میٹر، میڈارم (ملگ) میں 8.43 سنٹی میٹر اور پلکل (سنگاریڈی) میں 7.45 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کی وارننگ | Telangana Rainfall
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین دنوں میں کئی اضلاع میں مزید بارش ہونے کا امکان ہے۔ پیر کے دن متعدد مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ منگل کو عادل آباد، آصف آباد، منچریال، نرمل، نظام آباد، ملگ، کتہ گوڑم، کھمم، نلگنڈہ، سوریاپیٹ، محبوب آباد، بھونگیر، رنگاریڈی، حیدرآباد، میڑچل ملکاجگری، وقار آباد، سنگاریڈی، میدک، کاماریڈی، محبوب نگر، ناگر کرنول، ونپرتی اور گدوال میں بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔
چہارشنبہ کے روز ملگ، کتہ گوڑم، کھمم، نلگنڈہ، رنگاریڈی، حیدرآباد، وقار آباد، محبوب نگر اور ناگر کرنول میں کہیں کہیں شدید بارش کے امکانات ہیں۔
ایلو الرٹ اور احتیاطی ہدایات | Telangana Rainfall
محکمہ موسمیات نے کئی اضلاع کے لیے ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ نچلی بستیوں اور پانی سے بھری سڑکوں سے گریز کریں۔ حکام نے شہری انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کو ہدایت دی ہے کہ ممکنہ متاثرہ علاقوں میں ٹیمیں تعینات کریں۔
بلدی حکام نے کہا کہ نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کا کام تیز کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔








































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































